ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب کا سیکرٹری ڈی ۱ٓر ٹی اے جھنگ ۱ٓفس میں سنگین کرپشن،لاکھوں روپے کے خردبرد،اختیارات کے ناجائز و غیر قانونی استعمال کا سخت نوٹس،سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب کو فوری تحقیقات کا حکم،چیئرمین پی ٹی اے کی ہدایت پر تمام ضروری ریکارڈ قبضہ میں لے لیا گیا

اتوار 23 جولائی 2017 20:10

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جولائی2017ء) : ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ نے سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی جھنگ ۱ٓفس میں سنگین کرپشن،لاکھوں روپے کے خردبرد،اختیارات کے ناجائز و غیر قانونی استعمال کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب کو فوری تحقیقات کا حکم دیدیا ہے جبکہ چیئرمین پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی پنجاب لاہور کی ہدایت پر ایک اعلیٰ سطحی ٹیم نے سیکرٹری ڈی ۱ٓر ٹی اے ۱ٓفس جھنگ سے تمام ضروری ریکارڈ قبضہ میں لے لیا ہے نیزدوران تحقیقات شرما دینے والی بد عنوانیوں،بے ضابطگیوں اور بے قاعدگیوں کے انکشافات کا امکان ہے۔

جھنگ کی مقامی اہم شخصیت سلطان احمد ملک کی جانب سے چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر) زاہد سعید اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ کو ۱ٓگاہ کیا گیا تھا کہ کرپٹ ترین سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی جھنگ نے کرپشن کی تاریخ کو شرماکر رکھ دیا ہے۔

(جاری ہے)

موصوف کئی ماہ سے گاڑیوں کے چالانات اور جرمانوں کیلئے گورنمنٹ پرنٹنگ پریس کی سرکاری طور پر جاری کردہ رسیدات کی بجائے مقامی سطح پر غیر قانونی طور پر کاربن کاپی سسٹم کی بجائے کائونٹر فائل سسٹم کی تحت پرنٹ کروائی گئی رسیدات استعمال کررہے ہیں جن پر گاڑیوں کو ہزاروں روپے جرمانہ کیا گیا مگر اپنے پاس موجود کائونٹر فائل سلپ پر رقم چند سو بلکہ سو سو روپے درج کی گئی اسی طرح جرمانہ رجسٹر پر بھی چند سو روپے درج کرکے باقی لاکھوں روپے کی رقم خرد برد کرلی گئی۔

سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی جھنگ نے بڑی تعداد میں ایسی ون ٹی ۱ٓر ایئر کنڈیشنڈ گاڑیوں کو غیر قانونی روٹ پرمٹ جاری کئے جنکے وہ مجاز ہی نہ تھے۔اسی طرح بڑی تعداد میں جاری کردہ دیگر روٹ پرمٹس کی فائلوں پر اصل مالیت سے انتہائی کم ٹکٹ لگاکر لاکھوں روپے کا خردبرد کیا گیا۔موصوف کی سرپرستی میں جھنگ سے فیصل ۱ٓباد اور فیصل ۱ٓباد سے جھنگ کے درمیان چلنے والی ہائی ایس اور ہائی روف ویگنوں میں مستقل اضافی سیٹیں لگواکر انہیں 15 سے 22 سیٹر بنوانے سمیت موصوف نے انہیں بھاری بھتہ کے عوض مستقل دوگنا یعنی 53 روپے کی بجائی 90 روپے کرایہ وصول کرنیکا بھی زبانی اجازت نامہ فراہم کیا۔

یہی نہیں بلکہ ۱ٓئے روز گیس سلنڈرز پھٹنے اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کے باوجود بھتہ خورسیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی جھنگ کی سرپرستی کے باعث جھنگ سے فیصل ۱ٓباد اور دیگر روٹس پر چلنے والی ہا ئی ایس اور ہا ئی روف گاڑیو ں میں مسافر سیٹوں کے نیچے ایل پی جی اور سی این جی گیس سلنڈرز نصب کرلئے گئے ہیں حالانکہ مسافروں سے پٹرول کا ڈبل کرایہ لیا جارہا ہے۔

اسی طرح سرا سر ناجائز و غیر قانونی طور پر ویگنز میں کمپنی کی جانب سے نصب چار سیٹوں کا درمیانی فاصلہ کم کرتے ہوئے پھٹے کی جگہ پر ایک اضافی چار مسافروں کی مکمل نئی سیٹ لگا کر 22مسافر بٹھا رہے ہیں۔ اس طرح ان سیٹوں کو اتنا تنگ کر دیا گیا ہے کہ مسافر بھیڑ بکریوں کی طرح سفر کرنے پر مجبور ہیں۔شکایت میں مزید کہا گیا تھا کہ سرکاری عہدہ اور اثر و رسوخ کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی جھنگ ضلعی حکومت کی 2 انتہائی قیمتی پیجارو گا ڑیوں جے جی اے 81 اور جے جی بی 666 پر قا بض ہے جبکہ کرپٹ افسر موصوف نے ۱ٓفیسر کالونی ٹوبہ روڈ جھنگ صدر سے متصل اپنی سرکاری کوٹھی میں چالو حالت میں کھڑی ایک قیمتی پیجارو گاڑی جے جی بی 81 کے انجن، گیئر بکس، جنریٹر، سلف سمیت لاکھوں روپے مالیت کے پرزے چوری نکال کر فروخت کردئیے ہیں اورانکشاف ہونے پر فیصل ۱ٓباد کی اولڈ سپیئر پارٹس مارکیٹ سے متبادل پرزے لاکر ڈالنے کی کو شش شروع کردی ہے تاکہ حکام با لا کی ۱ٓنکھوں میں دھول جھونکی جاسکے نیزدوسری سرکاری پیجارو گاڑی جے جی بی 666 بھی تمام دن ناجائز و غیر قانونی اڈوں سے بھتے وصول کرنے میں استعمال ہونے لگی ہے اور اس میں تمام دن غیر متعلقہ افراد گھومتے نظر ۱ٓتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ طویل عرصہ سے جھنگ میں تعینات سیکرٹری ۱ٓر ٹی اے کی جانب سے ہر ۱ٓئے روز اکا دکا گاڑیاں رکھنے والے چھوٹے ٹرانسپورٹرز کی گاڑیاں روک کر انہیں بھتہ دینے کیلئے مجبور کیا جاتا ہے اور انکی نا جا ئز و غیر قانونی خواہشات پوری نہ کرنے پر کا غذات مکمل ہونیکے باوجود نہ صرف انہیں ذلیل و خوار کیا جاتا ہے بلکہ انکے چالانات کرنے سمیت مسافروں کو زبردستی دیگنوں سے اتار کر گاڑیاں تھانوں میں بند کردی جاتی ہیں جس سے جہاں ویگن کے مسافروں، خواتین اور بچوں کو شدید ترین گرمی میں سخت اذیت اور کرب و مشکل اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہیں ویگنوں کو ہزاروں روپے کا بھاری جرمانہ کرکے مالکان پر حلال رزق کے دروازے بند کئے جارہے ہیں۔

علاوہ ازیں کئی دیگر چونکا دینے والے حقائق بھی منظر عام پر لائے گئے ہیں تاہم جب اس سلسلہ میں سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی جھنگ کا مئوقف جاننے کیلئے ان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے ان کیمرہ کسی قسم کا مئوقف دینے سے انکار کردیا۔