پرویز مشرف کا دور اقتدار پاکستان کی تاریخ کا سنہری دور تھا، مداری اور کاروباری ملک نہیں چلا سکتے،جمہوریت کی آڑ میں سیاسی لٹیروں نے ملک کو کنگال کر دیا ہے

آل پاکستان مسلم لیگ فیڈرل کیپٹل کی خواتین رہنمائوں کا فیصل آباد جلسے سے متعلق جائزہ اجلاس میں خطاب

اتوار 23 جولائی 2017 20:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جولائی2017ء) آل پاکستان مسلم لیگ فیڈرل کیپٹل کی خواتین رہنمائوں نے اے پی ایم ایل کے سربراہ سید پرویز مشرف کو دوبارہ اقتدار میں لانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرویز مشرف کا دور اقتدار پاکستان کی تاریخ کا سنہری دور تھا، مداری اور کاروباری ملک نہیں چلا سکتے۔ جمہوریت کی آڑ میں سیاسی لٹیروں نے ملک کو کنگال کر دیا ہے، آج قوم کا بچہ بچہ لاکھوں روپے کا مقروض ہے،سیاسی مخالفین آج تک سید پرویز مشرف پر ایک آنے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکے، پرویز مشرف ہی ملک کو دوبارہ ترقی کی پٹڑی پر چڑھا سکتے ہیں، 12 اگست کو فیصل آباد میں ہونے والے آل پاکستان مسلم لیگ کے جلسے میں ملک بھر کی طرح فیڈرل کیپٹل سے خواتین بڑی تعداد میں شرکت کریں گی۔

(جاری ہے)

بروز اتوار پی ایم ایل کی خواتین رہنمائوں نے 12 اگست کو فیصل آباد میں ہونیوالے جلسے کے سلسلے میں منعقدہ خصوصی اجلاس خطاب کر رہی تھیں ۔اجلاس کی صدارت آل پاکستان مسلم لیگ فیڈرل کیپٹل کی شعبہ خواتین کی صدر سیدہ فردوس نے کی۔ اجلاس میں اے پی ایم ایل فیڈرل کیپٹل شعبہ خواتین کی سینئر نائب صدور ڈاکٹر صوفیہ خان ، الماس بیگم ، نائب صدور ثمینہ بخاری ، راحیلہ راجہ ، نصرت جعفری ، این اے 48 شعبہ خواتین کی صدر ادیبہ ایڈووکیٹ ، عالیہ ، عاصمہ سمیت این اے 49 کی خواتین رہنمائوں نے بھی شرکت کی۔

صدر اے پی ایم ایل شعبہ خواتین فیڈرل کیپٹل سیدہ فردوس نے کہا کہ موجودہ اور سابقہ حکمرانوں نے عوام کو پرویز مشرف کے دور اقتدار میں ملنے والے حقیقی ثمرات سے محروم کر دیا ہے۔ پاکستان کے موجودہ حالات میں ملک کا بڑا خاموش اور سنجیدہ طبقہ تیسری سیاسی قوت کا منتظر ہے جس کا خلاء سید پرویز مشرف کے سوا کوئی پر نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ عام انتخابات میں پرویز مشرف کو انتخابی عمل سے باہر رکھنے والے سازشی عناصر بہت جلد عبرت کا نشان بننے والے ہیں۔

آئندہ انتخابات میں پرویز مشرف کی قیادت میں آل پاکستان مسلم لیگ ملک بھر سے الیکشن میں حصہ لے گی اور عوام کی طاقت سے اقتدار میں آ کر قومی مجرموں اور لٹیروں کا احتساب کرے گی۔اجلاس سے ڈاکٹر صوفیہ خان ، ثمینہ بخاری ، راحیلہ راجہ سمیت دیگر خواتین رہنمائوں نے بھی خطاب کیا اور 12 اگست کو فیصل آباد میں ہونیوالے جلسے میں خواتین کی بھرپور شرکت کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔