اسلامی تحریک کو نواز دوست پالیسی نے تباہ کر دیا، اسلامی تحریک صرف گلگت بلتستان کے لوگوں کے جذبات سے فائدہ اٹھا کر استعمال کر رہی ہے،ہرلیکشن میں راتوں رات مخصوص ایجنڈے کیساتھ جی بی میں وارد ہو جاتی ہے اور اس کے پھر سے بعد غائب ہو جاتی ہے

سابق وزیر اعلیٰ سید مہدی شاہ کی صحافیوںسے گفتگو

اتوار 23 جولائی 2017 20:00

سکردو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جولائی2017ء) سابق وزیر اعلیٰ سید مہدی شاہ نے کہا ہے کہ اسلامی تحریک کو نواز دوست پالیسی نے تباہ کر دیا،فدا ناشاد آدھا لیگی اور آدھا تحریکی ہے ۔نواز لیگ میں قائد سے لیکر نیچے تک سب جھوٹے ہیں، اسلامی تحریک صرف گلگت بلتستان کے لوگوں کے جذبات سے فائدہ اٹھا کر استعمال کر رہی ہے اور ہر الیکشن میں راتوں رات مخصوص ایجنڈے کیساتھ جی بی میں وارد ہو جاتی ہے اور اس کے بعد غائب ہو جاتی ہے ۔

وہ بروز اتوار صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تحریک کی اپنی کوئی سیاسی پالیسی نہیں ہے بلکہ یہ جماعت مختلف ناموں سے ہر آنے والی حکومت کیساتھ کمبل ہو کر صرف اپنے مفادات حاصل کر تی ہے اور مفادات کیلئے اپنے ممبران اسمبلی کا احترام بھی دائو پر لگا دیتی ہے جس طرح انہوں نے اپنے ایک ممبر اسمبلی کیپٹن شفیع کیلئے حکومت پر دبائو ڈالنے کی بجائے صرف اپنے مفادات کے تحفظ کیلئے ایک لفظ نہیں بولا ،۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ ،پارا چنار ،کراچی حتیٰ کہ گلگت بلتستان میں درجنوں لوگوں کو شہید کیا گیا لیکن اسلامی تحریک کے قائدین نے کسی مظلوم کی داد رسی اور اظہار یکجہتی کیلئے دورہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارہ چنار میں مظلوموں نے کئی روز بھو کے پیاسے دھرنا دیا پورے ملک سے مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے پارہ چنار جا کر اظہار یکجہتی کیا لیکن اسلامی تحریک کے قائد نے وہاں جا کر مظلوموں کی خبر لینے کی بھی زحمت نہیں کی بلکہ نگر کے الیکشن میں نواز لیگ کے اشارے پر راتوں رات پہنچ گئے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی تحریک کے کردار اورگفتار کو جی بی کے لوگ اب سمجھ چکے ہیں اس لئے انہوں نے جذبات کی بجائے حقیقت پسندی کا مظاہرہ کر تے ہوئے پیپلزپارٹی کو ووٹ دیا۔انہوں نے کہا کہ ہم کیپٹن شفیع کے جرات مندانہ اور اسلامی تحریک کو بے نقاب کر نے کے بیان کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور انہیں دعوت دیتے ہیں کہ مفادات پرستوں کے چنگل سے نکل کر ایک جمہوری اور علاقہ پرست پارٹی میں شامل ہو جائیں۔

انہوں نے کہا کہ حاجی فدا ناشاد ہر الیکشن میں مذہبی جماعتوں کے کندھے پر سوار ہو کر اسمبلی میں پہنچ جاتے ہیں ا س لئے وہ آدھا لیگی اور آدھا تحریکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نواز لیگ نے دو سال میں ایک بھی نئی سکیم نہیں دی بلکہ ہمارے دور کے سکیموں پر اپنے نام آویزاں کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نواز لیگ کے قائد میاں نواز سے لیکر نیچے تک سب جھوٹے ہیں جن پر کوئی اعتبار نہیں کرتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :