بھارتی وزیراعظم کے اسرائیل اور امریکہ کے حالیہ دوروں کے پاکستان پر ممکنہ اثرات بارے بریفنگ طلب

بریفنگ کے لئے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خارجہ امور کا اجلاس 27جولائی کو ہوگا

اتوار 23 جولائی 2017 19:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جولائی2017ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خارجہ امور نے بھارتی وزیراعظم وزیراعظم نریندر مودی کے اسرائیل اور امریکہ سمیت دیگر اہم ممالک کے حالیہ دوروں کے پاکستان پر ممکنہ اثرات کے بارے میں وزارت خارجہ سے بریفنگ مانگ لی، امریکی سینیٹ کمیٹی برائے آرمڈ فورسز کے چیئرمین سینیٹر جان میکین ان کی قیادت میں امریکی اراکین سینیٹ نے حالیہ پاکستان اور افغانستان کے دوروں کے حوالے سے بھی بریفنگ کی ہدایت کر دی گئی، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کا اجلاس 27جولائی کو پارلیمنٹ ہائوس میں ہو گا،وزارت خارجہ کوبھارتی وزیراعظم کے غیر ملکی دوروں کے پاکستان پر ممکنہ اثرات اور امریکی سینیٹرز کے حالیہ بیانات کے نتیجے میں پیدا شدہ صورتحال سے عہدہ برآہ ہونے کی تیاریوں سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز، سیکرٹری خارجہ سمیت دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام شریک ہوں گے، متذکرہ معاملات پر حکومتی رہنمائی کیلئے قائمہ کمیٹی اپنی سفارشات کا اعلان کرے گی۔