وزارت داخلہ کو الطاف حسین کے ریڈ وارنٹ کے اجراء میں تاحال کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ ہو سکی

الطاف حسین کی گرفتاری کیلئے انٹرپول کی طرف سے عائد کردہ اعتراضات دور کرنے کی کوششیں جاری ‘ وزارت داخلہ کی ہدایت پر انٹرپول سے اعتراضات دور کرنے کیلئے 2 بار مہلت مانگی جا چکی ہے،ذرائع

اتوار 23 جولائی 2017 19:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جولائی2017ء) وفاقی وزارت داخلہ کو بانی متحدہ الطاف حسین کے ریڈ وارنٹ کے اجراء میں تاحال کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہو سکی‘ الطاف حسین کی گرفتاری کیلئے انٹرپول کی طرف سے عائد کردہ اعتراضات دور کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں ‘ وزارت داخلہ کی ہدایت پر انٹرپول سے اعتراضات دور کرنے کیلئے 2 بار مہلت مانگی جا چکی ہے ۔

اتوار کو ذرائع کے مطابق بانی متحدہ الطاف حسین کی بیرون ملک سے گرفتاری کیلئے کراچی کی انسداد دہشتگردی کی عدالت کے حکم پر ملزم کے ریڈ وارنٹ کے اجراء کی کوششیں جاری ہیں۔ وزارت داخلہ میں الطاف حسین کے خلاف موجود سنگین نوعیت کے مقدمات کی فائلیں کئی بار زیر غور لائی جا چکی ہیں اور وزارت قانون سے بھی الطاف حسین کی بیرون ملک سے گرفتاری کیلئے تفصیلی مشاورت کی جا چکی ہے تاہم ابھی تک انٹرپول کی طرف سے عائد اعتراضات دور نہیں کئے جا سکے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزارت داخلہ اور محکمہ داخلہ سندھ کے درمیان بھی الطاف حسین کے خلاف درج سنگین مقدمات پر متعدد بار رابطے ہوئے تاہم انٹرپول کے اعتراضات دور کرنے کیلئے ابھی تک مواد کو حتمی شکل نہیں دی جا سکی۔ واضح رہے کہ انٹرپول نے الطاف حسین کی گزشتہ برس 21 اگست کی تقریر پر ریڈ وارنٹ کے اجراء کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا اور کہا تھا کہ یہ مقدمہ بظاہر سیاسی نوعیت کا لگتا ہے اور انٹرپول سیاسی نوعیت کے مقدمات میں ملزمان کے ریڈ وارنٹ جاری نہیں کرتا۔ …