متحدہ تاجر گرینڈ الائنس نے محکمہ سوئی گیس کیخلاف دھرنا دینے کا اعلا ن کر دیا

اتوار 23 جولائی 2017 19:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جولائی2017ء) متحدہ تاجر گرینڈ الائنس نے محکمہ سوئی گیس کیخلاف دھرنا دینے کا اعلا ن کر دیا ہے‘اس سلسلے میں گزشتہ روز الائنس کا ایک اجلاس زیر صدارت صدر حاجی محمد اقبال یوسفزئی منعقد ہوا ‘جس میں شہر بھر کے تاجروں نے شرکت کی ‘ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد اقبال یوسفزئی اور جنرل سیکرٹری حاجی حلیم سید مہمند نے کہا کہ پشاور کے شہری اس گرم موسم میںبھی سوئی گیس کی کمی کا شکار ہیں‘ جبکہ گیس کے پریشر میں کمی کے باعث تاجربرادری دیوالیہ ہو گئی ہے‘ خصوصاً نانبائی‘ ہوٹل اور پختہ چائے فروشوں کا کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے‘ محکمہ گیس کے متعلقہ حکام حکومت کو سب اچھا کی رپورٹ پیش کرتے ہیں ‘حاجی حلیم سید نے کہا کہ گیس پریشر کمی کا سلسلہ یونہی جاری رہا تو وہ اپنا کاروبار بند کرنے پر مجبور ہو جائیں گے ‘ انہوں نے خبردار کیا کہ جلد یہ مسئلہ حل نہ کیا گیا تو محکمہ سوئی گیس حیات آباد کے دفاتر کے سامنے دھرنا دیا جائیگا اور حالات کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہو گی۔

متعلقہ عنوان :