Live Updates

ہمارے مخالفین تحریک انصاف کی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کے شکار ہو چکے ہیں ،جب بھی انتخابات کا قریب آتا ہے تو پختونوں کے حقوق کے نام نہاد علمبردارعوامی نیشنل پارٹی اور دیگر موقع پرست سیاستدان کو ضلع سوات کے عوام کی یاد ستانے لگتی ہے ،پختونوں کے حقوق کی راگ الاپنے والوں کی حقیقت عوام پر عیاں ہو چکی ہے ،اب وہ مزید ان کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے

صوبائی وزیر کھیل محمود خان کا مٹہ سوات میں شمولیتی اجتماع سے خطاب

اتوار 23 جولائی 2017 19:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جولائی2017ء) خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل ، ثقافت ، میوزیم ، امورنوجوانان اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے منتخب صدر محمود خان نے کہا ہے کہ ہمارے مخالفین تحریک انصاف کی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کے شکار ہو چکے ہیں ،جب بھی انتخابات کا قریب آتا ہے تو پختونوں کے حقوق کے نام نہاد علمبردارعوامی نیشنل پارٹی اور دیگر موقع پرست سیاستدان کو ضلع سوات کے عوام کی یاد ستانے لگتی ہے اور پختونوں کے حقوق کی راگ الاپنے والوں کی حقیقت عوام پر عیاں ہو چکی ہے،اب وہ مزید ان کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے ، وہ بروز اتوار موضع اشاڑی مٹہ سوات میں ایک عظیم الشان شمولیتی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے ۔

اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی سے 30سالوں سے وابستہ سرکردہ اور اہم کارکنان عبدالجبار ، سعید الله خادم ، اجمل ، فضل سبحان ، اشفاق ، مجیب ، نعمیت اور اکرام نے اپنے اپنے خاندانوں اور سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ اپنی پارٹی کو خیر آباد کہتے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی ۔

(جاری ہے)

اجتماع سے رکن صوبائی اسمبلی اور ڈیڈک چیئرمین فضل حکیم خان ، تحصیل مٹہ ضلع سوات کے ناظم عبدا الله خان ، نائب ناظم محمد حکیم خان اور پی ٹی آئی کے رہنما ملک اختر علی خان نے بھی خطاب کیا ۔

محمود خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی عوام دوست پالیسیوں اور عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل پر دوسرے سیاسی پارٹیوں کے کارکنان جوق درجوق پی ٹی آئی کا حصہ بن رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبو ںپر اربوں روپے خر چ کر دئیے جس سے عوام کی زندگی پر دور رس نتائج پڑرہے ہیں ۔ محمود خان کا کہنا تھا کہ اے این پی نے اپنے دور اقتدار میں سوات سمیت صوبے کے دیگر پسماندہ علاقوں کی تعمیر و ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی تھی ا س لئے یہاں کے عوام مایوسیوں اور محرومیوں کے شکار تھے تاہم ہمارے مثبت اور ٹھوس اقدامات کی بدولت یہی علاقے اب ترقیافتہ علاقوں کے برابر لائے گئے ہیں اور یہاں کے عوام کی مایوسیوں کا بہترین اندازمیں ازالہ کر دیا گیا ہے ۔

محمود خان نے کہا کہ ہم نے عوام سے یہ عہد کیا تھا کہ تمام سرکاری اداروں سے کرپشن ، بدعنوانی اور ناانصافی کا خاتمہ کریں گے اور آ ج الله تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہم اس ضمن میں عوام کے سامنے سرخرو ہوئے ہیں ۔انہو ںنے کہا کہ اے این پی اور دیگر موقع پرست سیاستدان یہ گمراہ کن پروپیگنڈا پھیلا رہے ہیں کہ پی ٹی آئی حکومت ہمارے ترقیاتی منصوبوں پر اپنی تختیاں لگا رہے ہیں ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ہماری طرف سے ان کو کھلا چیلنج ہے وہ آکر دیکھائیں کہ پی ٹی آئی کے کسی رہنما نے ان کے ترقیاتی منصوبوں پر تختیاں لگائی ہیں ہم ان کو مناظرے کی چیلنج دیتے ہیں ۔محمود خا ن نے کہا کہ اے این پی کے نمائندے اپنی گریبانوں میں جھانک کر دیکھیں اور پھر دوسروں پر تنقید کریں اگر انہوں نے عوام اور صوبے کی ترقی پر توجہ دی ہوتی تو انتخابات میں بری طرح شکست سے دوچا رنہ ہوتے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ 2018کے عام میں ایک بار پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے علاوہ پورے ملک میں کلین سویپ کرے گی اور عمران خان ملک کے وزیر ہوں گے ۔ انہو ںنے یونین کونسل اشاڑی کے لئے بجلی کے کھمبوں ، ٹرانسفارمرز کی فراہمی اور آبنوشی سکیم کا بھی اعلان کیا ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات