سیاسی منظر نامے میں اہم وقت شروع ہوچکا ، امید ہے نواز شریف اسی ہفتے نااہل ہو جائینگے‘ شیخ رشید

حدیبیہ پیپر کیس کھل گیا تو پانامہ سے بھی بڑا کیس ہوگا ،نواز شریف خواجہ آصف کو وزیر اعظم بنانا چاہتے ہیں،شہباز شریف،نثار اور اسحاق ڈار ناراض ہیں

اتوار 23 جولائی 2017 18:50

سیاسی منظر نامے میں اہم وقت شروع ہوچکا ، امید ہے نواز شریف اسی ہفتے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2017ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف خواجہ آصف کو وزیر اعظم بنانا چاہتے ہیں لیکن شہباز شریف، چوہدری نثار اور اسحاق ڈار ناراض ہیں ، مشرف لیگ سے آنے والی40 ایم این اے جلد فیصلہ کریں گے، مسلم لیگ (ن) میں واضح تین گروپ بن سکتے ہیں، سیاسی منظر نامے میں اہم وقت شروع ہوچکا ، امید ہے نواز شریف اسی ہفتے نااہل ہو جائیں گے ، خواجہ آصف اور سردار ایاز صادق وزیر اعظم ہو سکتے ہیں ، حدیبیہ پیپر کیس کھل گیا تو یہ پانامہ سے بھی بڑا کیس ہوگا جس میں شہباز شریف فیملی کا بھی ٹرائل ہوگا ۔

پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں پارٹی رہنما امجد گولڈن کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شریف خاندان اپنی کرپشن کے باعث انجام کو ضرور پہنچے گا اور اس میں اب زیادہ وقت نہیں،جلد جاتی امرء بھی ہندو پراپرٹی نکلے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فیصلے کی رات بیٹھ کر قوم کوخوشخبری دیں گے ،اب حقیقی معنوں میں احتساب کا دور شروع ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ چودھری نثار سے جان بوجھ کر کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، میری دانست کے مطابق چوہدری نثار پارٹی کو نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ یقین سے کہتا ہوں عمران خان کے خلاف کچھ نہیں ہوگا،حکمران خاندان بوکھلاہٹ میں بے بنیاد پراپیگنڈا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا ہر فیصلہ مانیں گے اور جو واویلا کر رہے ہیں انہیں بھی فیصلے کو ماننے کا اعلان کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے فیصلہ کرلیا ہے نیا وزیر اعظم لانا ہے،نوازشریف کسی جونیئر کے ساتھ کام نہیں کریں گے،خواجہ آصف اور سردار وزیر اعظم ہو سکتے ہیں۔