بلدیہ چشتیاں کی پانچ واٹر سپلائی سکیموں و نواحی کالونیوں میں پینے کے پانی کو مضر صحت قرار دے دیا گیا

اتوار 23 جولائی 2017 18:40

چشتیاں۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2017ء) محکمہ صحت حکومت پنجاب نے بلدیہ چشتیاں کی پانچ واٹر سپلائی سکیموں و نواحی کالونیوں میں دو لاکھ شہریوں کو فراہم کئے جانے والے پینے کے پانی کو مضر صحت قرار دے دیا ، محکمہ صحت حکام نے صوبائی لیبارٹری کی جانب سے پانی کے نمونوں کی مکمل تفصیلات کے ہمراہ بلدیہ چشتیاں کے چیئرمین اور چیف آفیسر کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ فوری طور پر واٹر سپلائی سکیموں سے صحت افزا پانی سپلائی کرنے کیلئے فوری اقدامات عمل میں لائیں ، محکمہ صحت کے افسران نے میڈیا کے سوالوں کے جواب میں بتایا کہ مضر صحت پانی کے استعمال سے شہری مختلف امراض کا شکار ہوسکتے ہیں ،چنانچہ انہیں چاہیے کہ وہ بلدیہ کی جانب سے فراہم کردہ پانی کو ابال کر ٹھنڈا کرکے پئیں ، انہوں نے مزید بتایا کہ چشتیاں کی پانچ واٹر سپلائی سکیموں مرکزی واٹر سپلائی سکیم ہائی وے روڈ ،و اٹر سپلائی سکیم 14گجیانی گرڈ اسٹیشن ، واٹر سپلائی سکیم حسین کالونی ، واٹر سپلائی سکیم ایم پی اے چوک ، واٹر سپلائی سکیم پرانی چشتیاں سے پانی کے نمونے حاصل کرکے محکمہ صحت حکومت پنجاب کی لیبارٹری کو ارسال کئے تھے ،ترجمان نے بتایا چشتیاں شہر اور نواحی کالونیوں میں فلٹریشن پلانٹس اور کین کے ذریعے سپلائی کئے جانے والے پانی کے نمونے بھی حاصل کئے جارہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :