پرویز الٰہی کی کرپٹ اور اندھیری سیاست کا سورج کبھی طلو ع نہیں ہوگا ‘رانا ثناء اللہ خان

عوام نے چوہدری برادران کی سیاست کو گجرات کے قبرستانوں میں دفن کردیا‘صوبائی وزیر قانون کی گفتگو

اتوار 23 جولائی 2017 18:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جولائی2017ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہاہے کہ پرویز الہی جھوٹ کی سیاست نہ کریں الزامات کے ثبوت ہیں تو عدالت کیو ںنہیں جاتے ۔ صوبائی وزیر قانون نے پرویز الٰہی کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ پرویز الہی در اصل جھوٹے الزامات کی گردسے ماحول کو آلودہ کرنا چاہتے ہیں۔ چوہدری برادران او ران کے حواریو ںنے اپنے دور حکومت میں کرپشن کے ریکارڈ بنائے ۔

پرویز الٰہی منفی ہتھکنڈوں سے اپنی مردہ سیاست چمکانا چاہتے ہیں ۔انہو ںنے کہاکہ میٹرو بس پرویز الہی کی چڑ بن چکی ہیں ،عوامی افادیت کے کسی منصوبے پر تنقید کا کوئی موقع نہیں جانے دیتے۔ پرویز الہی خاطر جمع رکھیں عوام جانتے ہیں کون سچ بولتا ہے اور کون جھوٹ !عوام نے چوہدری برادران کی سیاست کو گجرات کے قبر ستان میں دفن کردیاہے ۔

(جاری ہے)

رانا ثناء اللہ نے کہاکہ شہبازشریف نے میگا پراجیکٹس میں 200 ارب روپے سے زائد بچت کا ریکارڈ قائم کیا ۔

شہبازشریف دور کے میگا پراجیکٹس کی شفافیت کی گواہی عالمی ادارے بھی دیتے ہیں ۔چین اور دیگر ممالک شفاف اور کرپشن فری ہونے کی وجہ سے پنجاب میں سرمایہ کاری کررہے ہیں ۔ پنجاب کی لیپ ٹاپ سکیم کو دیگر صوبوں اور ہمسایہ ملک میں بھی شروع کیاگیاہے ۔ وزیر قانون نے کہاکہ پرویز الہی جانتے ہیں کہ اب ان کی اندھیری سیاست کا سورج کبھی طلوع نہیں ہوگا۔چوہدری برادران کی سیاست آمریت کی مرہون منت تھی ،آمریت کا سورج ڈوبتے ہی ان کی سیاست بھی اندھیروں میں کھو گئی۔ انہو ںنے کہاکہ چوہدری برادران کو عوام او ر ان کی ضروریات سے کوئی سروکار نہیں - ہم قوم کو ترقی اور خوشحالی کی طرف لے جانا چاہتے ہیں ، پرویزالہی جیسے سیاستدان اندھیروں کی جانب گامزن ہیں۔