Live Updates

راولپنڈی،ضلعی انتظامیہ ، متعلقہ اداروں اور موتی پلازہ انتظامیہ کی مبینہ ملی بھگت

موتی پلازہ میں روزگار ، کاروبار اور رہائش اختیار کرنیوالے ہزاروں افراد کی زندگیاں دائو پر لگ گئیں موتی پلازہ کے اطراف راستوں میں خطرناک شگاف پڑنے سے شہر کے سب سے بڑے اور قدیمی پوتی پلازہ کی عمارت منہدم ہونے کا خطرہ پلازہ یونین نے موجودہ صورتحال کی تمام تر ذمہ داری ضلعی انتظامیہ و پلازہ مالکان پر عائد کردی، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے رجوع کر لیا

اتوار 23 جولائی 2017 18:21

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جولائی2017ء) ضلعی انتظامیہ ، متعلقہ اداروں اور موتی پلازہ انتظامیہ کی مبینہ ملی بھگت سے موتی پلازہ میں روزگار ، کاروبار اور رہائش اختیار کرنے والے ہزاروں افراد کی زندگیاں دائو پر لگ گئیں موتی پلازہ کے اطراف راستوں میں خطرناک شگاف پڑنے سے شہر کے سب سے بڑے اور قدیمی پوتی پلازہ کی عمارت منہدم ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا جبکہ پلازہ کی یونین نے موجودہ صورتحال کی تمام تر ذمہ داری ضلعی انتظامیہ و پلازہ مالکان پر عائد کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے رجوع کر لیا اس ضمن میں موتی پلازہ یونین کے جنرل سیکریٹری راجہ محمد اشفاق نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے نام لیٹر میں موقف اختیار کیا ہے کہ موتی پلازہ اور ریالٹو سینما سے ملحقہ نالہ لئی پر کنکریٹ کی دیوار ہے جو حکومت پنجاب کی ملکیت ہے جس میں خطرناک شگاف پڑ چکا ہے اور جاری مون سون کے دوران نالہ لئی میں طغیانی کی وجہ سے نہ صرف یہ دیوار مکمل طور پر گرنے کا خدشہ ہے بلکہ یہاں موجود راستہ مکمل طور پر بیٹھ جانے سے جانی و مالی نقصان کا بھی خطرہ پیدا ہو گیا ہے لیٹر میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ دنوں اے سی سٹی ملیحہ جمال نے متعلقہ افسران کے ہمراہ متاثرہ جگہ کا دورہ کر کے موتی پلازہ اور ریالٹو سینما مالکان کے درمیان معاہدہ کروایا تھا جس کی رو سے دونوں مالکان نے مل کر نئی دیوار تعمیر کرنا تھی لیکن 10دن گزرنے کے باوجود یہ کام شروع نہیں ہو سکا جبکہ راولپنڈی میونسپل کارپوریشن یا انتظامیہ نے اس معاہدے پر عملدرآمد کروانے کی بجائے یہاں کے دکانداروں ، آفس ہولڈرز اور رہائشیوں کو مجموعی طور پر400نوٹس جاری کر دیئے ان دھمکی آمیز نوٹس میں پلازہ خالی نہ کرنے کی صورت میں دفاتر و دکانیں سربمہر کرنے اور مقدمات درج کروانے کا عندیہ دیا گیا ہے لیٹر میں اس اقدام کو انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت اور غلطی قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کارپوریشن کے ذریعے دکانداروں ، آفس ہولڈرز اور رہائشیوں کوبلیک میل اور ہراساں کیا جا رہا ہے جسکا مقصد یہاں کے دکانداروں ، آفس ہولڈرز اور رہائشیوں سے پیسے وصول کر کے دیوار اور سڑک کی تعمیر ہے اگر اس معاملے کا فوری نوٹس نہ لیا گیا تو تو مرکزی انجمن تاجران اور راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے اشتراک سے بھرپور احتجاج کیا جائے گا ۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات