(ن) لیگ کے اپنے لوگ بھی اب وزیر اعظم نواز شریف سے عہدہ چھوڑنے کا مطالبہ کر رہے ہیں ‘ جمشید چیمہ

اتوار 23 جولائی 2017 18:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جولائی2017ء) تحریک انصاف وسطی پنجاب کے سینئر نائب صدر جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ اب تو (ن) لیگ کے اپنے لوگ بھی وزیر اعظم نواز شریف سے عہدہ چھوڑنے کا مطالبہ کر رہے ہیں اور شہرمیں آویزاںہونے والے بینرز اس کا منہ بولتا ثبوت ہیں ،وقت تیزی سے بدل رہا ہے اور اب دنیا کی کوئی طاقت احتساب کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔

حلقہ این اے 124میں کارکنوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ پانامہ لیکس کا فیصلہ دورس نتائج کا حامل ہوگا اور اس کے اثرات آنے والے کئی دہائیوں تک محسوس ہوتے رہیں گے ۔ انہوںنے کہا کہ پوری قوم کا شروع دن سے مطالبہ ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف عہدہ چھوڑ دیں لیکن وہ ضد پر اڑے رہے ۔اب تو ان کی پارٹی کے اندر بھی یہ آواز بلند ہونا شروع ہو گئی ہے جس کا اظہار شہر میں بینرز آویزاں کر کے کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کرپشن زدہ حکمرانوں کی تمام تدبیریں ناکام ہو چکی ہیں اور انہیں نہ صرف اقتدا ر سے رخصت ہونا پڑے گا بلکہ خود کو احتساب کے لئے بھی پیش کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران خاندان اور انکے حواری بے بنیاد واویلا کر کے عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتے جب پانامہ کا محفوظ فیصلہ سنایا جائے گا تو حکمران اسکی شدت برداشت نہیں کر سکیں گے ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ عمران کی قیادت میں پی ٹی آئی نے کرپشن کے خلاف جو جدوجہد شروع کی تھی وہ منطقی انجام کی طرف بڑھ رہی ہے اور تاریخ میں اس جدوجہد کو سنہری حروف میںلکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں دوبارہ حکومت بنانے کے دعوے کرنے والے سن لیں قوم انہیں اب دھاندلی نہیں کرنے دے گی ۔

متعلقہ عنوان :