زونل سکواش چیمپیئن شپ اختتام پذیرہوگئی

اتوار 23 جولائی 2017 18:20

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2017ء)پہلی ڈپٹی کمشنر راولپنڈی زونل سکواش چیمپیئن شپ اختتام پذیرہوگئی، سنیئرگرلزمیں آمنہ لطیف، بوائز انڈر 19میںعمر ابراہیم، انڈر15میںحسنین علی اورانڈر 11میںمعین علی نے کامیابی حاصل کی۔ ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ اور راولپنڈی زونل سکواش ایسوسی ایشن کے زیراہتمام بینظیربھٹوسکواش کمپلیکس لیاقت باغ راولپنڈی میں کھیلی گئی چیمپیئن شپ میں 86کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔

فائنل کی مہمان خصوصی رکن پنجاب اسمبلی تحسین فواد نے سیکرٹری آرڈی ایس اے چوہدری نعیم انور، ڈی اوسپورٹس ملک وقار، ڈی ایس او عبدالوحیدبابر، سیدغضنفرعلی، قیصرمرزا، شفقت نیازی اوردیگر آفیشلز کے ہمراہ انعامات تقسیم کئے۔ سنیئرگرلز کیٹگری کے فائنل میں آمنہ لطیف نے آمنہ فیاض کو 3-1، انڈر 19بوائز کے فائنل میں عمرابراہیم نے شہاب خان کو 3-1، انڈر15کے فائنل میں حسنین علی نے سبحان علی کو 3-0جبکہ انڈر11کے فائنل میں معین علی نے اذان علی کو 3-0سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مہمان خصوصی تحسین فواد نے کہاکہ کھیل بچوں کی ذہنی وجسمانی نشوونما کیلئے بہت ضروری ہیں ، راولپنڈی میں سکواش سمیت تمام کھیلوں کابڑاٹیلنٹ ہے اور یہی بچے کل پوری دنیامیں سبزہلالی پرچم سربلند کریں گے۔