موجودہ دورترقی ، علمی بالادستی وشعور وآگاہی کا دور ہے ، میر عبدالرحیم کرد

اتوار 23 جولائی 2017 18:11

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2017ء) نیشنل پارٹی کے صوبائی رہنماء و میئر خضدا ر میر عبدالرحیم کرد نے کہاہے کہ موجودہ دورترقی ، علمی بالادستی وشعور وآگاہی کا دور ہے ، عوام اپنے مستقبل کے نفع ونقصان کا بہتر انداز میں ادراک رکھتے ہیں ، عوام کو جذباتی نعروں اور طفلی تسلیوں کے سے بہلا یا نہیں جاسکتا ہے ، عوام کوصحت و تعلیم کی ضروریات اور پینے کے صاف پانی کی ضرورت ہے وہ انہی جماعت کے ہاں گوشہ عافیت چاہتے ہیں کہ جہاں ان کے یہ مسائل حل ہوں ،ایسی جماعت نیشنل پارٹی ہے جو پورے صوبے میں عوامی مسائل کے حل میں سر فہر ست ہے۔

جو عوام کی امنگوں کی بہتر انداز میں ترجمانی کرسکتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے پارٹی کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد نے کہاکہ بہتان تراشی ،الزامات، اور غیبت و تنگ نظری کا دور گزرچکا ہے عوام گزشتہ ایک دو دو دھائیوں کی تاریخ کو ملحوظ خاطر رکھ کر یہی سمجھتا ہے کہ جذباتی نعروں سے مزین جماعتیں ان کے مسائل حل نہیں کرسکتی ہیں ۔

عوام کے مسائل نیشنل پارٹی ہی بہتر انداز میں حل کرسکتی ہے کہ جو گزشتہ کئی سالوں سے صوبہ اور وفاق میں عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے ان کے مسائل حل کررہی ہے ۔آئندہ بھی یہی جماعت پارلیمنٹ میں پہنچ کر عوام کی زندگی میں تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کریگی ۔عوام کو جذباتی کرنے والی جماعتیں صرف اور صرف نعروں کی حد تک محدود رہیں گی ۔ نیشنل پارٹی مضبوط ہے اور آنے والے دور میں واضح اکثریت سے کامیاب ہو کر ایک بار پھر عوام کی خدمت کے تسلسل کو جاری رکھے گی ۔

عوام کی نگاہی صرف اور صرف نیشنل پارٹی پر مرکوز ہیں لوگ جانتے ہیں کہ نیشنل پارٹی ایک حقیقی اور عوام دوست جماعت ہے جو جذباتی نعروں سے بالائے طاق ہو کر صرف عوام کی خیرخواہی چاہتی ہے اور عوام کے مسائل حل کرنے پر یقین رکھتی ہے ۔اسی وہ امتیازی خصوصیات کی وجہ سے عوام بڑی تعداد میں نیشنل پارٹی کے پلیٹ فارم پر متحد ہورہاہے اور پارٹی کو مضبوط و مستحکم کررہاہوتا ہے ۔