Live Updates

عوام پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں ، محب الله خان

اتوار 23 جولائی 2017 18:11

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2017ء) وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے لائیو سٹاک و فشریز محب اللہ خان نے کہا ہے کہ ملک کو کرپٹ سیاستدانوں سے پاک کرنے کا وقت آ گیا ہے ، عمران خان نے کرپشن فری پاکستان کا جو خواب دیکھا تھا وہ شرمندہ تعبیر ہونے والا ہے ، تحریک انصاف عوام کو انصاف اور بنیادی ضروریات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے عوام نے تحریک انصاف کو توجہ کا مرکز بنا رکھا ہے اور لوگوں کی دھڑا دھڑ تحریک انصاف میں شمولیت اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ عوام پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں ترقی اور خوشحالی کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف نے جو انقلابی اقدامات اُٹھائے ہیں ماضی میں اس کی نظیر نہیں ملتی ملک میں کرپشن کے خاتمے ، میرٹ اور شفافیت کی بالادستی کیلئے عمران خان کی جدوجہد رنگ لے آئی ہے ، ملک سے ن لیگ کے کرپٹ قبضہ مافیا سیاستدانوں کا جنازہ نکلنے والا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قاضی آباد شکردرہ سوات میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے حیدر علی ، طارق سراج ، رسول خان ، عالم شیر ، محب اللہ ، سبحان شاہ ، عبدالجلیل ، گل فیروز خان ، شیرین محمد ، مراد علی ، اختر علی ، عزیز الرحمن ، محمد نسیم ، سعید الرحمن ، محمد امین ، امتیاز علی ، خیال زادہ ، شیر محمد اور ان کے سینکڑوں ساتھیوں اور خاندانوں نے پاکستان تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا اس موقع پر تحریک انصاف ملاکنڈ ڈویژن کے سینئر نائب صدر حاجی فضل مولا ، ضلع سوات کے سینئر نائب صدر سعید خان ، عزیز الرحمن ، ڈسٹرکٹ کونسلر حبیب اللہ خان ، ڈاکٹر نعمت سبحان ، بخت شیر خان ، بھٹو اور دیگر نے بھی خطاب کیا محب اللہ خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کرپشن کے خاتمے اور میرٹ و شفافیت کی بالادستی کیلئے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جدوجہد رنگ لائی ہے اور جے آئی ٹی رپورٹ نے ثابت کیا ہے کہ نواز شریف کا پورا خاندان چوری میں ملوث ہے جس کے باعث وہ اپنی کرسی پر بیٹھنے کے مزید اہل نہیں رہے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے بڑے بڑے مگر مچھوں کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کیا ہے اور اب کسی میں کرپشن اور چوری کرنے کی ہمت نہیں ہو گی جبکہ پی ٹی آئی اپنی کارکردگی بنیاد پر نہ صرف دوبارہ صوبے میں حکومت بنائے گی بلکہ آئندہ انتخابات میں پورے ملک میں اقتدار حاصل کرے گی اور روایتی طرز سیاست کا خاتمہ کرکے عوام کی بلا امتیاز خدمت کرے گی انہوں نے کہا کہ عوام جان چکے ہیں کہ عمران خان کے علاوہ غریب کے حقوق کا کوئی پوچھنے والا نہیں اسلئے دیگر پارٹیوں کے بڑے بڑے قائدین پی ٹی آئی میں شامل ہو رہے ہیں انہوں نے کہا کہ نواز لیگ کی سیاہ حکمرانی کا دورہ ختم ہونے والا ہے اور آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی پورے ملک میں حکومت قائم کرکے غریب عوام کے دکھوں کا مداوا کرے گی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات