حجاج کرام و زائرین سعودی و پاکستانی قوانین کی مکمل پابندی کریں، حج کے دوران اختلافی مسائل پر بحث سے گریز کریں ‘طاہر محمود اشرفی

سعودی عرب میں کسی بھی قسم کے سیاسی جلسے ، جلوسوں ، نعرہ بازی سے دور رہیں ، رش کے وقت عورتیں اور ضعیف حضرات اپنی عمارتوں یا قریبی مساجد میں ہی نماز ادا کر لیں‘چیئرمین پاکستان علماء کونسل

اتوار 23 جولائی 2017 18:10

حجاج کرام و زائرین سعودی و پاکستانی قوانین کی مکمل پابندی کریں، حج ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2017ء) پاکستان علماء کونسل نے حجاج و زائرین کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ، حجاج کرام و زائرین سعودی و پاکستانی قوانین کی مکمل پابندی کریں، حج کے دوران اختلافی مسائل پر بحث سے گریز کریں اور سعودی عرب میں کسی بھی قسم کے سیاسی جلسے ، جلوسوں ، نعرہ بازی سے دور رہیں ، رش کے وقت عورتیں اور ضعیف حضرات اپنی عمارتوں یا قریبی مساجد میں ہی نماز ادا کر لیں۔

(جاری ہے)

یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کے ہمراہ ، مفتی محمد عمر فاروق ، مفتی حفیظ الرحمن ، مولانا اسعد زکریا ، مولانا حسین احمد درخواستی ، مولانا نعمان حاشر ، مولانا عبد الحمید صابری ، مولانا زبیر زاہد ، مولانا محمد امجد معاویہ ، مولانا حبیب الرحمن عابد اور دیگر مفتیان اور علماء نے دارالافتاء پاکستان کی طرف سے ضابطہ اخلاق کا اعلان کرتے ہوئے کہی ،ضابطہ اخلاق میں حجاج کرام و زائرین سے کہا گیا ہے کہ وہ حج کے دوران کسی بھی قسم کی سیاسی سرگرمیوں میں شریک نہ ہوں ، سعودی عرب کے قوانین کی مکمل پابندی کریں اور معلم اور رہبر کی ہدایات پر عمل کریں ، ضابطہ اخلاق میں حجاج کرام اور زائرین کو بتایا گیا ہے کہ حرم شریف میں رش کے زیادہ ہونے کی وجہ سے عورتوں اور ضعیف مردوں کا اپنی رہائش گاہ یا اس کے قریب نماز ادا کر لینا بھی حرم شریف کی حدود میں نماز کے ثواب کے برابر ہو گا ، ضابطہ اخلاق میں نوجوانوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے گروپوں میں شریک بیماروں ، کمزوروں اور ضعیفوں کا خصوصی خیال رکھیں، ضابطہ اخلاق میں بتایا گیا ہے کہ حجاج کرام کسی بھی قسم کی دوائی بغیر ڈاکٹر کے نسخے کے مت ساتھ لیجائیں ، ضابطہ اخلاق میں سعودی عرب کے سلامتی کے اداروں سے مکمل تعاون اور حرم شریف میں راستوں میں نہ بیٹھنے کی بھی اپیل کی گئی ہے ، منیٰ ، عرفات اور مزدلفہ کے سفر کے دوران معلم اور رہبر کے ضابطے کے مطابق عمل کرنے اور رمی جمرات کیلئے بھی حکومت سعودی عرب کی ہدایات اور معلم اور رہبر کے ضابطہ کے مطابق عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے ضابطہ اخلاق کے حوالہ سے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام اور مسلمانوں کے دشمن ارض الحرمین الشریفین اور مسلمانوں کی وحدت کی علامت حج بیت اللہ کے امن کے ساتھ کھیلنے کی ناپاک جسارت کر سکتے ہیں ، لہذا حج پر جانے والے مسلمانوں پر لازم ہے کہ وہ عالمی حالات کو سمجھیں اور حرمین الشریفین کے امن و سلامتی کیلئے سعودی عرب کے سلامتی کے اداروں اور اپنے ملک کے قوانین کی مکمل پاسداری کریں ، کسی بھی مشکل یا شکایت کی صورت میں وزارت مذہبی امور پاکستان اور وزارت حج سعودی عرب کی طرف سے قائم شکایت سیل سے رجوع کریں،انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل نے حجاج کرام اور زائرین کیلئے شکایت سیل بھی قائم کیا ہے ، انہوں نے بتایا کہ پاکستان علماء کونسل کے تحت ملک بھر میں حجاج کرام کیلئے تربیتی نشستوں کا اہتمام کیا جا رہاہے ۔

متعلقہ عنوان :