Live Updates

عمران خان پر بے بنیاد الزامات لگانے سے شریف فیملی کا دامن صاف نہیں ہو سکتا ‘عبدالعلیم خان

قوم حقائق جان چکی ہیں ،حواریوں اور درباریوں کا منفی پراپیگنڈہ ضائع جائے گا ‘پارٹی کارکنوں سے گفتگو

اتوار 23 جولائی 2017 18:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2017ء) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ عمران خان پر بے بنیاد الزامات لگانے سے شریف فیملی کا دامن صاف نہیں ہو سکتا ،قوم حقایق جان چکی ہے حواریوں اور درباریوں کا منفی پراپیگنڈہ کسی صورت کامیاب نہیں ہو گا ۔عبدالعلیم خان نے چیئرمین سیکرٹریٹ میں ملاقات کرنے والے پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ،چیئرمین تحریک انصاف عمران اور تیسری مرتبہ اقتدار میں آنے والے وزیر اعظم کے کیس میں کوئی مماثلت نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ 30برسوں سے اقتدار میں رہنے والا خاندان لوٹ مار کی کمائی اور منی لانڈرنگ سے بیرون ملک وسیع جائیدادیں بنا چکا ہے جن کے خلاف احتساب کا نعرہ لگانے اور عملی جدوجہد کرنے والے کپتان پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں ۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ ملکی وسائل لوٹ کر غیرملکی بینکوں میں بھرنے اور جائیدادیں بنانے والے نواز خاندان نے ہمیشہ عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا جبکہ عمران خان نے کوئی سرکاری عہدہ نہ ہونے کے باوجود شوکت خانم ہسپتال سمیت فلاحی منصوبوں کی تکمیل کیلئے دن رات ایک کئے،قوم آج بھی ان کی دیانتداری کا دم بھرتی اور بے پناہ اعتماد کرتی ہے،واضح فرق یہ ہے کہ انہوں نے کرکٹ کے ذریعے ملک کا نام روشن کرنے کیساتھ کمائی گئی دولت بھی پاکستان منتقل کی جبکہ نواز خاندان نے عوام کا خون چوس کر بیرون ملک سرمایہ کاری کرتے ہوئے پاکستان کی جڑیں کھوکھلی کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاناما کیس میں پکڑی جانے والی چوری کا قوم کے محسن کی کمائی سے موازنہ کرنے والے عوام کی نظروں میں دھول جھونکنے کی کوشش کررہے ہیں، نواز خاندان کے جعلی اکاؤنٹ اور دستاویزات،ریکارڈ ٹمپرنگ کے ثبوت چیخ چیخ کر کرپشن کی داستانیں سنارہے ہیں،کبھی 45ملین کی منی ٹریل کو تکنیکی غلطی،کبھی نواز شریف کو بینک اکاؤنٹ میں غلطی سے سی ای او لکھے جانے کے بے تکے جواز پیش کئے جارہے ہیں،روز ان کی کرپشن کی نئی داستان سامنے آتی ہے، کس کس پر پردہ ڈالیں گے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ عمران خان نے فلاحی منصوبوں کیلئے حاصل ہونے والے فنڈز کا شفاف استعمال کرتے ہوئے خود کو صادق اور امین ثابت کیا،ملکی خزانے کی امانت میں خیانت کرنے والوں کیخلاف احتساب کا نعرہ لگانے پر ان کی ذات پر حملے شروع کردیئے گئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جدوجہد رنگ لا چکی ہے اور اب احتساب اور کرپشن کے خاتمے میں کوئی رکاوٹ نہیں رہے گی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :