پاکستان اسٹروک سوسائٹی کے تحت ورلڈ برین ڈے منایا گیا

اتوار 23 جولائی 2017 18:10

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2017ء) پاکستان اسٹروک سوسائٹی اور نیورولوجی اویرنس اینڈ ریسرچ فاؤنڈیشن کی جانب سے کراچی سمیت سندھ بھر میں عالمی یوم دماغ کے موقع پر مفت تشخیصی کیمپس و آگاہی لیکچرزمنعقد کیے گئے اور واک کا اہتمام کیا گیا۔ سوسائٹی کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر عبدالمالک کے مطابق پاکستان میں عالمی یوم دماغ کے سرگرمیوں میں پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما)اور الخدمت فاؤنڈیشن سندھ نے معاونت کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ امسال عالمی یوم دماغ کا موضوع ’’فالج‘‘ تھا۔ اس مہم کا مرکزی خیال ’’فالج دماغ کا دورہ ہے،بچائو کیجیے‘ علاج کیجیے، تھا۔عالمی دن پر ٹھٹھہ، حیدرآباد، میرپورخاص، شکارپور، شہدادکوٹ، کندھکوٹ، ٹنڈوالہیٰار، سکھر، ڈھرکی، نوابشاہ، خیرپور اور کراچی کے علاقے گلشن حدید میں الخدمت کے طبی مراکزاور ڈیفنس میں نیوروکلینک اینڈ فالج کیئر میں مفت تشخیصی کیمپس لگائے گئے جہاں مجموعی طور پر 1300 سے زائد افراد کا معائنہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

ان افراد میں خواتین، بچے اور بزرگ شامل تھے۔ طبی ماہرین نے ان افراد کا معائنہ کیا، انہیں فالج سے بچنے اور صحت مند زندگی گزارنے کے لیے مفید مشورے دئیے۔ ڈاکٹر عبدالمالک نے بتایا کہ صرف گلشن حدید میں 125 سے زائد افراد کا معائنہ کیا گیا۔ ڈیفنس کے نیوروکلینک اینڈ فالج کیئر میں30سے زائد افراد کو مفت تشخیصی سہولتیں فراہم کی گئیں۔ کیمپس میں آنے والے افراد کا بلڈ پریشر، ذیابیطس، کولیسٹرول، وزن اور بی ایم آئی کے ٹیسٹ مفت کیے گئے۔

ڈاکٹر عبدالمالک نے بتایا کہ حیدرآباد میں پروفیسر منظور لاکھیر کی قیادت میں آگاہی واک ہوئی۔ میرپورخاص میں واک کی قیادت الخدمت کے محمد سلیم میمن اور سکھر میں ڈاکٹر لعل چند نے پریس کانفرنس منعقد کی۔ ڈاکٹر عبدالمالک نے کہا کہ فالج ایک قابل بچاؤ اور علاج بیماری ہے۔ اس سے بچائو کی آگاہی کے اقدامات سے لے کر فالج یونٹس کے اسپتالوں میں قیام تک اور اس مرض کے لیے ادویات سے لے کر بحالی اور فوجی علاج کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور بیماری کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر مستند ڈاکٹر سے رجوع کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :