جرائم پر کنٹرول کے مجموعی اقدامات کو انتہائی غیرمعمولی بنایا جائے، ایڈیشنل آئی جی کراچی

اتوار 23 جولائی 2017 18:10

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2017ء) ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے کہا ہے کہ جرائم کے خاتمے و جرائم کنٹرول کے لئے مجرموں کی کھوج اور ان کے متعلق مکمل آگاہی پولیس کی اولین ترجیح ہونی چاہئے، اسٹریٹ کرائم کی سرکوبی کے لیے ہنگامی طور پر اقدامات اٹھائے جائیں۔ اتوار کے روز جاری اعلامیہ کے مطابق ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ کرائم انالیسز کی بنیاد پر ایسے تمام علاقوں میں جو جرائم کی مختلف نوعیت کی وارداتوں سے زیادہ متاثر ہیں وہاں پولیس کو مجموعی حکمت عملی اور لائحہ عمل کو مزید مؤثر اور مربوط بنانے کی ضرورت ہے اور باالخصوص آرگنائز کرائم کے خلاف جملہ امور کو غیرمعمولی بنانا وقت کا تقاضہ ہے تاکہ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری پولیس آپریشنز/کاروائیوں میں کامیابی کے گراف کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

(جاری ہے)

غلام قادر تھیبو نے ہدایات جاری کیں کہ اسٹریٹ کرائم کی سرکوبی کے لیے ہنگامی طور پر اقدامات اٹھائے جائیں اور جملہ اقدامات میں حفاظت خود اختیاری سے متعلق جاری ایس او پی پر عمل درآمد کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے، بصورت دیگر کوئی بھی غفلت یا لاپروائی ناقابل برداشت ہوگی اور ذمہ داران کو سخت انضباطی کاروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اغواء اور اغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث عناصر، گروہوں اور ان کے سرپرستوں کے خلاف پولیس ایکشن کو ہر سطح پر مربوط اور مؤثر بنایا جائے تاکہ ایسی وارداتوں کے خلاف پولیس کارکردگی کو مذید بہتر بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ قیام امن کے حوالے سے پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں اورانٹیلی جینس ایجینسیوں سے روابط کو ہر سطح پر مضبوط اور مؤثر بنائے اور کسی بھی حوالے سے موصول ہونے والی اطلاعات کی بروقت شیئرنگ اور فالو کرنے کے عمل کو یقینی بنائے۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا کہ مجموعی امور میں پولیس عوام کے ساتھ انتہائی مثبت برتاؤ اور دوستانہ رویہ اختیار کرے اور عوام کی شکایات کا ازالہ بروقت یقینی بنائے تا کہ پولیس اور عوام مل کر جرائم کا خاتمہ کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :