عبادت گاہوں کے انچارج اور علاقہ مکینوں کی تصدیق کو ٹھیکیداروں کی ادائیگی سے مشروط کیا جائے گا ، ڈاکٹر کھٹومل جیون

اتوار 23 جولائی 2017 18:10

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2017ء) وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور ڈاکٹر کھٹومل جیون نے کہا ہے کہ محکمہ کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کو متعلقہ اقلیتی برادری کی عبادتگاہوں کے انچارج اور علاقہ مکینوں کی تصدیق کو ٹھیکیداروں کی ادائیگی سے مشروط کیا جائے۔ یہ بات انہوں نے محکمہ اقلیتی امور کے سیکریٹری سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا بالخصوص واٹس ایپ کو منصوبوں کے تعمیراتی کام کی جانچ پڑتال اور تصدیق کے لئے موثر طریقے سے استعمال کیا جائے اور اگر ترقیاتی اسکیموں میں کوئی بے قاعدگی یا کوتاہی ثابت ہوئی تو متعلقہ اسسٹنٹ انجنیئر، ڈپٹی ڈائریکٹر اور ایگزیکٹو انجنیئر کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔ انہوں نے ڈائریکٹر محکمہ اقلیتی امور کو بھی ہدایات دی کہ وہ تمام ترقیاتی کاموں کی خود نگرانی کرے اور ہفتہ وار بنیادوں پر منصوبوں کا اچانک دورہ کر کے رپورٹ جمع کروائیں۔ ڈاکٹر کھٹومل جیون نے کہا کہ موجودہ سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ اقلیتی برادری کو آئین اور قانون کے مطابق حقوق فراہم کرے۔

متعلقہ عنوان :