عوام کے بہتر مفاد میںبجٹ کا بڑا حصہ نکاسی آب کے منصوبوں پر خرچ کر رہے ہیں، جان محمد بلوچ

اتوار 23 جولائی 2017 17:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2017ء)چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ وائس چیئرمین عبدالخالق مروت نے کہا ہے کہ بلدیہ ملیر میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جارہا ہے،جس میں نکاسی آب کے مسائل سرفہرست ہے،بلدیہ ملیر کی عوام کو نکاسی آب کے مسائل سے مستقل بنیادوں پر نجات دلا رہے ہیں ،پچھلے ادوار میں اگر سیوریج کے نظام کو بہتر کرنے کیلئے کوششیں کی جاتی تو آج بلدیہ ملیر کی عوام کو نکاسی آب کے مسائل سے پاک ماحول فراہم ہوتا ، لیکن افسوس بلدیہ ملیر کی یوسیز میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوئے جس کی وجہ ہماری یوسیز کھنڈرات میں تبدیل ہو چکی ہیں ،اپنی ٹیم کے ہمراہ کئی بلدیاتی امور میں اصلاحات کی ہیں جس کے اثرات عوام تک پہنچناشروع ہوگئے ہیںاور بہت جلد عوام کو سیوریج کے مسائل سے مستقل بنیادوں پر نجات دلائے گئے،عوام کے بہتر مفاد میںبجٹ کا بڑا حصہ نکاسی آب کے منصوبوں پر خرچ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمشنر عمران اسلم کے ہمراہ یو سی 10 غازی دائود بروھی پیر محفوظ گوٹھ کے معززین کی جانب سے سیوریج کی شکایات پر علاقے کادورہ کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پریو سی وائس چیئرمین امانت ضیاء،سپرنٹنڈنٹ انجینئر نصراللہ میمن، ایکس ای این ایم اینڈ ای اقبال ڈیری، ڈائریکٹر انفارمیشن سلیم خان اور دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔

پیر محفوظ گوٹھ کے معززین نے چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ ،وائس چیئرمین عبدالخالق مروت کو علاقے کا دورہ کرنے پرشکریہ ادا کیا اور اپنے بلدیاتی مسائل کے حوالے سے آگاہ کر تے ہوئے بتایا کہ سیوریج لائنوں کی بہت خستہ حالت ہے ، رنگ سلیب اور مین ہول کور غائب ہیں جس کو فوری لگوایا جائے، سیوریج لائنوں کی صفائی نہ ہونے سے اوور فلو کا دیرینہ مسئلہ ہے۔ چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے موقع پر موجود سپرنٹنڈنٹ انجینئر کو ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ پیر محفوظ گوٹھ کا فوری سروے کیا جائے اورسیوریج لائن کی مرمت یا تبدیلی کی ضرورت محسوس ہو وہاں پر فوری کام کروایا جائے،ٹوٹے مین ہول اور رنگ سلیب تبدیل کئے جائیں۔