وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف چوہدری نثار کو قائل کرنے میں کامیاب ہوگئے

قائل کرنے کے بعد وزیرداخلہ نے پریس کانفرنس ملتوی کردی،چوہدری نثاراب کل پیرکوپریس کانفرنس میں پارٹی پالیسیوں پراعتمادکامئوقف پیش کرینگے۔ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 23 جولائی 2017 17:11

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف چوہدری نثار کو قائل کرنے میں کامیاب ہوگئے
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23جولائی 2017ء ) : وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف وزیرداخلہ چوہدری نثار کوقائل کرنے میں کامیاب ہوگئے،جس کے باعث وزیرداخلہ چوہدری نثار نے پریس کانفرنس ملتوی کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان سپریم کورٹ میں جمع کروائی گئی جے آئی ٹی رپورٹ کے بعدبعض وجوہات پر وزیراعظم نوازشریف اور پارٹی پالیسیوں سے نالا ں تھے۔

جس پرسیاسی مخالفین نے چوہدری نثار کی ناراضگی پرخوب منفی پروپیگنڈا بھی کیا۔کہ چوہدری نثار پارٹی اور عہدے سے جلد مستعفی ہوکر پارٹی کوخیرباد کہہ دینگے یا پارٹی سے الگ ہوجائیں گے۔ لیکن دوسری جانب ذرائع کاکہناہے کہ وزیرداخلہ چوہدری نثار نے آج اتوار کی پریس کانفرنس میں سیاسی مخالفین کودوٹوک جواب دیتے ہوئے پارٹی پالیسیوں اور وزیراعظم نوازشریف کی قیادت پراعتماد کااظہار کرناتھا۔

(جاری ہے)

لیکن انہوں نے کمر میں تکلیف کے باعث آج کی پریس کانفرنس ملتوی کردی۔ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی آج چوہدری نثار سے ملاقات بھی ہوئی ہے جس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف ،چوہدری نثار کوپارٹی قیادت کیساتھ بعض اختلافات مٹانے پرراضی کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ اب وزیرداخلہ چوہدری نثار کل پیر کوشام 5بجے پریس کانفرنس میں اپنا مئوقف پیش کریں گے۔