پہلی اورنج لائن میٹرو ٹرین رواں ماہ کے آخر میں چین سے پاکستان پہنچ جائے گی

اتوار 23 جولائی 2017 16:01

پہلی اورنج لائن میٹرو ٹرین رواں ماہ کے آخر میں چین سے پاکستان پہنچ ..
اسلام آباد/بیجنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2017ء) پہلی اورنج لائن میٹرو ٹرین رواں ماہ کے آخر میں چین سے پاکستان پہنچ جائے گی۔ لاہور میں اورنج لائن میٹرو ٹرین کیلئے چین کی کمپنی مجموعی طور پر 27ٹرینیں فراہم کررہی ہے اور اس ضمن میں پہلی میٹرو ٹرین اس ماہ کے آخر میں حکومت پنجاب کے حوالے کی جائے گی ، باقی 26 ٹرینیں اس سال کے آخر تک پاکستان پہنچ جائیں گی۔

اپریل2015ء میں چین اور پاکستان نے لاہور میں ریپڈ ماس ٹرانزٹ سسٹم کے تحت اورنج لائن کی تعمیرکیلئے فریم ورک معاہدے پر دستخط کئے تھے۔ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے فریم ورک کے تحت قائم ہونے والی اورنج لائن میٹرو ٹرین کی تعمیرکا ٹھیکہ چائنا ریلوے کارپوریشن اور چائنا انڈسٹریل کارپوریشن پرمشتمل کنسورشیم کو دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اورنج لائن میٹرو ٹرین کیلئے ابتدائی طور پر27ٹرینیں تیارکی جارہی ہیں ۔

اس ٹرین میں انرجی سیونگ ایئرکنڈیشننگ نظام نصب کیا گیا ہے جبکہ اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار80 کلومیٹرز فی گھنٹہ ہوگی۔ ٹرین کیلئے جو ڈیزائن بنایا گیا ہے وہ پاکستان کے قومی پھول اور بادشاہی مسجد کے گنبدوں سے مزین ہے۔ اس پراجیکٹ کے منیجر وانگ پانگ نے بتایا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کیلئے انہی معیارات کو مدنظر رکھا گیا ہے جن معیارات کے تحت بیجنگ اور شنگھائی کو ملانے والی ٹرین کا نظام قائم کیا گیا ہے۔

26 کلومیٹر طویل ریلوے لائن پر26 سٹیشن ہونگے جن میں سے دو زیرزمین قائم کئے جائیں گے۔ اس منصوبے پر دونوں ممالک کے انجینئرز اور تکنیک کار کام کررہے ہیں اوراس پراجیکٹ سے نہ صرف ملک میں جدید میٹرو ریلوے نظام کا باقاعدہ آغاز ہوگا بلکہ چینی ماہرین کے ساتھ کام کرنے والے پاکستانی انجینئروں کو جدید مہارتیں سیکھنے کے قیمتی مواقع ملیں گے۔

متعلقہ عنوان :