امریکا میں نئے سعودی سفیر کی صدر ٹرمپ سے ملاقات ، سفارتی اسناد پیش کردیں

سعودی سفیر نے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے تہنیتی پیغامات پہنچائے ، امریکی عوام کی ترقی اور خوش حالی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار

اتوار 23 جولائی 2017 16:01

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جولائی2017ء) واشنگٹن میں متعین نئے سعودی سفیر شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنی سفارتی اسناد پیش کردیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی سفیر نے امریکی صدر سے وائٹ ہائوس میں ملاقات کے دوران میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے تہنیتی پیغامات پہنچائے ہیں۔

انھوں نے امریکی عوام کی ترقی اور خوش حالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

شہزادہ خالد نے سعودی عرب اور امریکا کے درمیان تعلقات کو تاریخی اور تزویراتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ باہمی تعاون اور مفادات پر مبنی ہیں۔انھوں نے دونوں ممالک کے دوران دوستی اور تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔سعودی پریس ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق شہزادہ خالد نے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ امریکا اور سعودی عرب کے درمیان تزویراتی تعلقات سے علاقائی اور عالمی سطح پر درپیش مسائل اور چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔