چوہدری نثار کی طبیعت ناساز ،پریس کانفرنس (پیر)تک کیلئے ملتوی

شدید کمر درد کے عارضے کی وجہ سے وزیر داخلہ کو مکمل آرام کا مشورہ دیا گیا ہے ، قیاس آرائی سے گریز کیا جائے اور اسکو کوئی اور معنی نہ پہنائیں جائیں،پریس کانفرنس ملتوی ہونے کی وجہ محض ناسازطبیعت ہے،ترجمان وزارت داخلہ

اتوار 23 جولائی 2017 16:01

چوہدری نثار کی طبیعت ناساز   ،پریس کانفرنس (پیر)تک کیلئے ملتوی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جولائی2017ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی کی پریس کانفرنس ناساز طبیعت کی وجہ سی(آج)پیرتک کیلئے ملتوی کر دی گئی،شدید کمر درد کے عارضے کی وجہ سے وزیر داخلہ کو مکمل آرام دیا گیا ہے ،ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ا س حوالے سے قیاس آرائی سے گریز کیا جائے اور اسکو کوئی اور معنی نہ پہنائیں جائیں،پریس کانفرنس ملتوی ہونے کی وجہ محض ناسازطبیعت ہے۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق ہفتہ کو پنجاب ہائوس میں وفاقی وزراء کی وزیر داخلہ سے ملاقات کے دوران بھی چوہدری نثار کو شدید کمر درد تھا اسکے باوجود وہ پنجاب ہائوس میں موجود رہے،ذرائع کے مطابق شدید درد پر ڈاکٹروں نے وزیر داخلہ کو چیک اپ کے بعد کچھ گھنٹوں کیلئے مکمل آرام کرنے کا مشورہ دیا تھا جس کی بنا پر وزیر داخلہ نے پریس کانفرنس ملتوی کی ، تاہم بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ ہفتہ کی شب وزراء سے ملاقات کے بعد وزیر داخلہ سے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا اور چوہدری نثار سے اتوار کو ہونے والی پریس کانفرنس ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی جانب سے اتوار کو منعقد کی جانے والی پریس کانفرنس ناساز طبیعت کی وجہ سے (آج)پیر تک کے لیے ملتوی کر دی گئی ، شدید کمر درد کے عارضے کی وجہ سے وزیر داخلہ کو مکمل آرام دیا گیا ہے ،اتوار کو ملتوی کی جانے والی پریس کانفرنس (آج) سوموار پانچ بجے منعقد کی جائے گی،ترجمان کا کہنا تھا کہ میڈیا سے درخواست ہے کہ اس حوالے سے قیاس آرائی سے گریز کیا جائے اور اسکو کوئی اور معنی نہ پہنائیں جائیں۔ پریس کانفرنس ملتوی ہونے کی وجہ محض ناسازطبیعت ہی ہے۔