بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو پولیس سٹیٹ میں تبدیل کر دیا ہے، جہانگیر غنی

بیروہ میں نوجوان کے سفاکانہ قتل کی مذمت

اتوار 23 جولائی 2017 15:50

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2017ء) مقبوضہ کشمیر میں جموںوکشمیر مسلم کانفرنس کے قائم مقام صدر جہانگر غنی بٹ نے کہا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے مقبوضہ علاقے کو ایک پولیس سٹیٹ میں تبدیل کر دیا ہے جہاں بھارتی فوجیوں کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی کھلی چھٹی دی گئی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جہانگیر غنی بٹ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ ضلع بڈگام کے علاقے بیروہ میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں تنویر احمد وانی نامی نوجوان کا حالیہ قتل کشمیریوں کی نسل کشی کے بھارتی منصوبے کا حصہ ہے۔

انہوںنے کہا کہ قابض بھارتی فوج نے مقبوضہ علاقے کا امن غارت کر رکھا ہے اور وہ گزشتہ ستر برس سے یہاں انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیر رہی ہے۔ جہانگیر غنی بٹ نے شہید نوجوان کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام اپنے عظیم شہداء کی قربانیوںکو ہرگز رائیگاں نہیںجانے دیں گے اور وہ تحریک آزادی کو اسکے منطقی انجام تک ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

دریں اثنا جموںوکشمیر ڈیموکریٹک پولیٹیکل موومنٹ کے جنرل سیکرٹری خواجہ فردوس وانی نے بھی سرینگر میں جاری ایک بیان میں تنویر احمد کے سفاکانہ قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوںنے انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ بھارت کو مقبوضہ علاقے میں قتل وغارت سے روکیں۔