مقبوضہ کشمیر دنیا کا سب سے بڑا فوجی جمائو والا خطہ بن چکا ہے،حریت فورم

اتوار 23 جولائی 2017 15:50

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2017ء) مقبوضہ کشمیر میں میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقہ دنیا کا سب سے بڑا فوجی جمائو والا خط بن چکا ہے جہاں ایک عام آدمی مکمل طور پر قابض فورسز کے رحم و کرم پر ہے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے اطراف و اکناف میں بڑی تعدادمیں بھارتی فوجیوں کی موجودگی یہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بڑھتے ہوئے واقعات کی بنیادی وجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسانی حقو ق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ایک بھی بھارتی فوجی کو آج تک انصاف کے کٹہرے میں کھڑا نہیں کیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ ظلم وستم کے واقعات کی تحقیقات کے احکامات محض لوگوں کے غم و غصے کو کم کرنے کے لیے دیئے جاتے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ کسی بھی تحقیقات کا آج تک کوئی نتیجہ سامنے نہیں آیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی کٹھ پتلی انتظامیہ نے نئی دہلی کے آگے مکمل طور پر سرینڈر کر لیا ہے ۔

انہوںنے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ بھارت کو مقبوضہ علاقے میں جنگی جرائم کے ارتکاب سے روکیں۔ ترجمان نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں گاندر بل میں کشمیری پولیس اہلکاروں کی مار پیٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس واقعے سے مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال ایک مرتبہ پھر سامنے آئی ہے اور اس حوالے سے یہ بات بھی غور طلب ہے کہ بھارتی فوج ان لوگوں کو بھی کشمیری ہونے کی بنا پر نہیں بخشتی جو ریاستی دہشت گردی میں ان کی مدد کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :