موجودہ صورتحال میں مائنس نواز نہیں مائنس4دیکھ رہا ہوں،جاوید ہاشمی

پانامہ کیس کا فیصلہ ففٹی ففٹی لیکن عمران تو100 فیصد سیاست سے فارغ ہو جائیں گے،چوہدری نثار کو پارٹی نہیں وزارت چھوڑدینی چاہیے،میڈیا سے گفتگو

اتوار 23 جولائی 2017 15:31

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جولائی2017ء) سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ ہمارے اداروں کو سیاست میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے ،موجودہ صورتحال میں مائنس نواز نہیں بلکہ مائنس’’فور‘‘دیکھ رہا ہے ،پانامہ کیس کا فیصلہ ففٹی ففٹی لیکن عمران تو100 فیصد سیاست سے فارغ ہو جائیں گے، چوہدری نثار کو پارٹی نہیں وزارت چھوڑ دینی چاہیے۔

ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سینئیر سیاستدان جاوید ہاشمی نے کہا کہ چوہدری نثار اندر کے اور میں سڑک کا آدمی ہوں، چوہدری نثار کہتے ہیں کہ نواز شریف اداروں سے ٹکرائو کی بات نہ کریں تاہم میں کہتا ہوں کہ ادارے مداخلت ہی نہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ چودھری نثار کو میرے مشورہ کی ضرورت نہیں،وفاقی وزیر داخلہ سمجھدار اورعملی سیاست کے آدمی ہیں وہ پارٹی نہیں چھوڑیں گے ان سے احترام کا رشتہ ہے اور ہمیشہ رہے گا، چودھری نثار محنت سے سیاست کا راستہ نکالنا جانتے ہیں،میرے تجربے کے مطابق چوہدری نثار پارٹی نہیں چھوڑیں گے تاہم انہیں پارٹی نہیں وزارت چھوڑنی چاہیے۔

(جاری ہے)

جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ جب بھی حکومت آتی ہے تو سارا مواد جمع ہوتا ہے اور 15 دن بعد پتہ چلتا ہے کہ حکومت کی جڑیں ختم ہو چکی ہیں، انہوںنے کہا کہ صرف مائنس ون نہیں بلکہ مجھے 4 آدمی جاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں کبھی فارورڈ بلاک بنا کر وزیر اعظم کی طرح پروٹوکول نہیں چاہتا، میں نظریاتی سیاست پر یقین رکھتا ہوں اور ایم این اے کی نشست بھی اسی لیے چھوڑی تھی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پاناما کافیصلہ ففٹی ففٹی ہوسکتا لیکن عمران تو100 فیصد سیاست سے فارغ ہو جائیں گے نواز شریف کو بھی کہتا ہوں سرمایہ پاکستان میں رکھیں ان کا کہنا تھافارورڈ بلاک بنانا سیاسی سازش ہوتی ہے میں کسی بھی سیاسی جماعت میں فارورڈ بلاک کی حمایت نہیں کرتا۔ان کا کہنا تھا عمران خان کو ہمیشہ کہا کہ کسی کے کہنے پر چڑھائیاں نہ کریں۔

متعلقہ عنوان :