’’این آئی اے ‘‘نے الطاف احمد شاہ اور راجہ معراج الدین کو ایک بار پھر نوٹس جاری کردیئے

بھارتی ایجنسی نے تحقیقات کے نام پر لوگوں کی زندگیاں اجیرن بنادیں، تحریک حریت

اتوار 23 جولائی 2017 14:50

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2017ء) مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموں وکشمیر نے کہا ہے کہ بھارت کی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے کی طرف سے پارٹی ارکان الطاف احمد شاہ اور راجہ معراج الدین کو ایک بار پھر نوٹس بھیجے گئے ہیں اور انہیںآج پیر کو ہمہامہ میں قائم کیمپ میں پیش ہونے کے لیے کہا گیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تحریک حریت کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاکہ اس سے قبل الطاف احمد شاہ کو مذکورہ ایجنسی نے دلی بٴْلایا تھا جہاں ان سے کئی دن تک پوچھ گچھ کی گئی۔

ترجمان نے کہاکہ عید کے موقعے پر الطاف احمد شاہ وادی واپس لوٹے لیکن انہیں اور راجہ معراج الدین کو دوبارہ نوٹس ملے اور انہیں 28جون کو دلی روانہ ہونا تھاجس کے لیے انہوں نے ٹکٹیں بھی بٴْک کرائی تھیں لیکن پولیس نے 27جون کو ہی انہیں گرفتارکر لیا اور 20دن بعد 17جولائی کو رہا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ الطاف احمد شاہ، پیر سیف اللہ اور راجہ معراج الدین کے نام 18جولائی کو دوبارہ نوٹس جاری کئے گئے ہیں اور این آئی اے نے انہیں 24جولائی کو ہمہامہ کے دفتر میں پیش ہونے کے لیے کہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے نے کئی آزادی پسند رہنمائوں،کارکنوں اور تاجروں کے گھروں پر چھاپے مارے اوران میں سے اکثر کو این آئی اے کے ہیڈ کوارٹر نئی دہلی طلب کیا گیا جہاں ان سے پوچھ گچھ کی گئی اوریہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ این آئی اے نے ذمہ دارانِ اوقاف جامع مسجد سرینگر، اسلامیہ اسکول اور دیگر کئی لوگوں کو بھی نوٹس بھیجے ہیں اور تحقیقات کے نام پر نوٹس جاری کرنے کا یہ دائرہ دن بدن وسیع ہوتا جارہا ہے جس سے لوگوں کی زندگی اجیرن بنادی گئی ہے۔