مقبوضہ کشمیر،پلوامہ میں احتجاج اور جھڑپیں،آری ہل میں9 نوجوان گرفتار، کاکہ پورہ کا محاصرہ

اتوار 23 جولائی 2017 14:50

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2017ء) مقبوضہ کشمیر میں ضلع پلوامہ کے علاقے آری ہل میں شبانہ چھاپوں کے دوران بھارتی فورسز کے ہاتھوں9نوجوانوں کی گرفتاری کے خلاف پلوامہ میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی پولیس کے چھاپہ مار دستوں نے آری ہل کا محاصرہ کرکے کئی رہائشی مکانوں پر چھاپے مارے اور9 معصوم نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔

پولیس نے گرفتار نوجوانوں پر بھارتی فورسز پر پتھرائو میںملوث ہونے کاالزام لگایا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہناہے کہ بھارتی پولیس نے بستی کے مکینوں کو خوفزدہ کیا اور چھاپوں کے دوران نہ صرف لوگوں کو تشدد کانشانہ بنایابلکہ گھریلو سامان کی توڑ پھوڑ بھی کی۔ ان مظالم کے خلاف پلوامہ قصبے میں نوجوان سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاجی مظاہرے کئے ۔

(جاری ہے)

بھارتی فورسز نے احتجاجی مظاہرین کو روکنے کے لیے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے بعدمظاہرین اور بھارتی فورسز کے درمیان جھڑپیں شروع ہوئیں۔ادھربھارتی فوج کی50راشٹریہ رائفلز اور ایس او جی سے وابستہ اہلکاروں نے مجاہدین کی موجودگی کا بہانہ بناکر ضلع پلوامہ کے علاقے کاکہ پورہ کی نیو کالونی کو رات ساڑے نو بجے محاصرے میں لیکر تلاشی کاروائی شروع کردی۔فورسز نے گھر گھر تلاشی کا سلسلہ پوری رات جاری رکھا اوررہائشی مکانات اور بستی کے چپے چپے کو چھان مارا لیکن انہیں خالی ہاتھ لوٹنا پڑا۔