فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی نیورالوجی ڈیپارٹمنٹ میں آگاہی واک

دنیا بھر میں ہر سال 17 ملین لوگ فالج کا شکار ہوجاتے ہیں اور 6 ملین فالج کے مریض مرجاتے ہیں پاکستان میں ہر سال 45 لاکھ افراد فالج کا شکار ہورہے ہیں ‘اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عدنان اسلم اور دیگر کا خطاب

اتوار 23 جولائی 2017 14:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2017ء) فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی ڈیپارٹمنٹ آف نیورالوجی کے زیر اہتمام عالمی یوم دماغ کے حوالے سے آگاہی واک کا اہتمام کیاگیا -آگاہی واک میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف نیورالوجیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر احسن نعمان ، فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف نیورالوجیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عبدالحمید قصوری، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر شیریںخاور، پروفیسر منظور احمد ، انچارج ڈیپارٹمنٹ آف نیورالوجی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد عدنان اسلم ،ڈاکٹروں اور طلباء نے شرکت کی - اس موقع پر ایم ایس سرگنگا رام ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر نعمان مطلوب بھی موجود تھے - اس موقع پر اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عدنان اسلم اور دیگر ماہرین نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ ورزش اور صحت مند غذا کے استعمال سے فالج سے بچاؤ ممکن ہے -فالج اور دیگر دماغی امراض سے بچاؤ کے لئے تمباکو نوشی سے پرہیز بے حد ضروری ہے او کو لیسٹرول اور بلڈ پریشر پر قابو صحت مند زندگی کی علامت ہے اور بلڈ پریشر او ر کو لیسٹرول پر قابو پاکر فالج کے 50 فیصد حملے سے بچاؤ ممکن ہے - انہو ںنے بتایاکہ دنیا بھر میں فالج کی وجہ سے 87 فیصد شرح اموات ترقی پذیر ممالک میں ہوتی ہیں - دو کروڑ 60 لاکھ سے زائد افراد فالج کی وجہ سے معذوری کی زندگی گذارنے پر مجبور ہیں - اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد عدنان اسلم نے آگاہی واک کے شرکاء کو بتایاکہ حیرت انگیز امر یہ ہے کہ ہائی بلڈ پریشر ، شوگر اور سگریٹ کی وجہ سے فالج کے حملے کے بارے میں 82 فیصد سے زیادہ لوگ آگاہ ہیں - لیکن اس کے باوجود ادویات کے استعمال ، پرہیز اور علاج کی طرف مائل نہیں ہوتے - انہوںنے بتایاکہ دنیا بھر میں 17 ملین لوگ ہر سال فالج کا شکار ہورہے ہیں -ہر دو سکینڈ کے بعد ایک شخص فالج کا مریض بن رہاہے اور ہر پانچ سکینڈ کے بعد فالج کا ایک مریض وفات پاجاتا ہے - پاکستان میں تقریبا 45 لاکھ فالج کے نئے کیس ہر سال سامنے آرہے ہیں اور ان میں سے 35 فیصد مریضوں کی عمر 15 سے 45 سال کے درمیان ہوتی ہے اور پاکستان میں دماغ کی شریان پھٹنے کی شرح 46 فیصد تک ہے جو پوری دنیا میں سب سے زیادہ ہے - فالج دماغ کا دورہ ہے جس سے علاج اور بچاؤ ممکن ہے - دنیا میں ہر چھ میں سے ایک فرد زندگی میں ایک مرتبہ فالج کا اندیشہ ہوتا ہے تاہم فالج سے بچاؤ احتیاط کے ذریعے ممکن ہے - دماغی امراض قابل علاج ہیں ان سے ڈرنے کی ضرورت نہیں بلکہ احتیاط کی آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے -