فنانس کمیشن کی تشکیل کے بعد کام کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ،جلد ہی ریگولر فنانس کمیشن ایوارڈ کا علان بھی کر دیا جائیگا‘ وزیر بلدیات

ڈسٹرکٹ چیئرمین کے اختیارات میں اضافہ، ڈسٹرکٹ کوارڈی نیشن کمیٹی کا رکن ،لوکل گورنمنٹ کمیٹی کا سربراہ بھی بنایا جا رہا ہے‘ منشا اللہ بٹ

اتوار 23 جولائی 2017 14:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2017ء)صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میںتمام بلدیاتی نمائندگان کی تربیت و آگاہی بارے مختلف ورکشاپوں کا انعقاد مرحلہ وار جاری رہے گا، جرمن کے تعاون سے صوبہ بھر کے 9 ڈویژن میں تمام بلدیاتی عہدیداران کی تربیتی ورکشاپوں کا پروگرام بھی مرتب کر لیا گیا ہے جس کے بعد بلدیاتی نمائندگان اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر عوام کی خدمت کو عبادت سمجھ کر بہترین طریقہ سے ادا کر سکیں گے۔

ایک سیمینار میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب گورنمنٹ ایکٹ 2013ء کے تحت رواں سال کے شروع میں انتخا بات کا عمل پایہ تکمیل تک پہنچا۔جس سے 58ہزار سے زائد منتخب نمائندوں نے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت پنجاب کے اندر ایک میٹرو پولیٹین کارپوریشن، 11میونسپل کارپوریشنز،182میونسپل کمیٹی،35ڈسٹرکٹ کونسل اور4015 یونین کونسلز 5 سال تک کے لئے اپنے فرائض سر انجام دیں گے۔

یہ مقامی طرز حکمرانی کی فراہمی اور شفاف فیصلہ سازی کی راہ میں آگے بڑھنے کے لئے ایک اچھا قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوری اور مئوثر آغاز کے لئے عبوری پنجاب فنانس کمیشن ایورڈ کے ذریعے نئی مقامی حکومتوں کے لئے فنڈز فراہم کئے گئے۔ اب پنجاب میں فنانس کمیشن کی تشکیل کے بعد کام کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے اور جلد ہی ریگولر فنانس کمیشن ایوارڈ کا علان بھی کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر چہ مقامی حکومتوں میں کدمات کی بہتر فراہمی کے لئے اعتماد قائم کرنا اور ان کی صلاحیتوں کو بڑھاناایک بڑا چیلنج ہے۔ اس کو بہتر کرنے کے لئے مقامی حکومت کے اندر اصلا حات کے عمل کو جاری رکھنا بے حد ضروری ہے۔جس میں لوکل کونسل ایسوسی ایشن ایک اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ GIZ کا شعبہ سٹیٹ سٹیزن ڈائیلاگ ریاست اور شہریوں کے درمیان مکالمہ بڑھانے کے لئے لوکل کونسل ایسوسی ایشن کے ساتھ کام کر رہی ہے جبکہ اس کا دوسرا شعبہ مقامی انتظام کاری میں استحکام ہے جو لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام ڈسٹرکٹ چئیرمین کے اختیارات میں بھی اضافہ کی جا رہا ہے جس کے تحت انہیں ڈسٹرکٹ کو آرڈینیشن کمیٹی کا رکن اور مقامی سطح پر لوکل گورنمنٹ کمیٹی کا سربراہ بھی بنایا جا رہا ہے۔جبکہ صحت اور تعلیم کے شعبہ کی اتھارٹی کے اندر نمائندگی دی جائے گی۔ سیمینار میں سیکرٹری بلدیات اسلم کمبوہ،ایڈیشنل سیکر ٹری راشد خان، ڈی جی لوکل گورنمنٹ اور دیگر افسران نے شرکت کی۔