مجموعی قومی آمدنی میں اضافے ، مضبوط معیشت کیلئے نئے ذرائع تلاش کئے جانے چاہئیں‘ سی ای او کوتھم

سیاحت کے فروغ سے روزگار کے مواقع ،اربوں روپے کی آمدنی بھی حاصل کی جا سکتی ہے‘ احمد شفیق کا خطاب

اتوار 23 جولائی 2017 12:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2017ء)ملک کی مجموعی قومی آمدنی میں اضافے اور مضبوط معیشت کیلئے نئے ذرائع بھی تلاش کئے جانے چاہئیں،پاکستان میں سیاحت ایسا شعبہ ہے جسے ترقی دے کر نہ صرف وسیع پیمانے پر روزگار کے مواقع حاصل کئے جا سکتے ہیں بلکہ اس سے اربوں روپے کی آمدنی بھی حاصل کی جا سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار کالج آف ٹوراز م اینڈ ہوٹل مینجمنٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد شفیق نے سیاحت کے فروغ کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک اپنی معیشت کی مضبوطی کیلئے نئے سے نئے ذرائع تلاش کر رہے ہیں جبکہ ہم آج تک صرف چند ایک روایتی شعبوں پر انحصار کر رہے ہیں۔پاکستان میں ہر سال لاکھوں نوجوانوں کو روزگار کی ضرورت ہے اور حکومت کسی طور پر بھی تنہاروزگار کے اتنے مواقع پیدا نہیں کر سکتی ۔

(جاری ہے)

اس چیلنج سے نمٹنے کے لئے مختلف شعبوں میں پبلک پرائیونٹ ونچر کے تحت آگے بڑھاجائے جس سے مثبت نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔

سیاحت کی ترقی سے مقامی دستکاری ،ہوٹلنگ سمیت دیگر کئی شعبوں کی ترقی دی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی حسن سے مالا مال ملک ہے لیکن سیاحت کی صورت میں اس سے استفادہ کرنے کے لئے وہ اقدامات نہیں اٹھائے گئے جس کی ضرورت ہے ۔ حکومت سے مطالبہ ہے کہ اندرون اور بیرون ممالک لوگوں کو پاکستانی سیاحت سے روشناس کرانے کیلئے جامع پالیسی مرتب کی جائے ۔اس کے لئے سیاحتی مقامات کو ڈاکو منٹری کی شکل دی جائے اور اسے ہر سطح پر دکھایا جائے ۔اس کے ساتھ دنیا کو امن و امان کی بہتر صورتحال کے حوالے سے بھی آگاہ کیا جائے جس کے انتہائی مثبت اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔