عالمی نمائش کیلئے اعلان کردہ مالی معاونت کی مد میں فنڈز کااجراء کیا جائے‘ کارپٹ ایسوسی ایشن کی سیکرٹری ٹڈاپ سے درخواست

کامیابی کیلئے حکومتی اداروں کا تعاون نا گزیر ہے،غیر ملکی مندوبین کو لانے کیلئے کوششوں کے حوصلہ افزاء نتائج حاصل ہو رہے ہیں حکومت مینو فیکچررز کو درپیش مشکلات کے حل کی طرف توجہ ،ایکسپورٹرز کیلئے خصوصی مراعات کا اعلان کرے ‘ وائس چیئرمین ریاض احمد

اتوار 23 جولائی 2017 12:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2017ء) پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے لاہور میں منعقد ہ عالمی نمائش کیلئے اعلان کردہ مالی معاونت کی مد میں فنڈز کے فوری اجراء کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ نمائش کی کامیابی کیلئے حکومتی اداروں کا تعاون نا گزیر ہے ،غیر ملکی مندوبین کو پاکستان لانے کیلئے کوششوں کے حوصلہ افزاء نتائج حاصل ہو رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین ریاض احمد نے ایک اجلاس میں کیا ۔ اس موقع پر لطیف ملک ، سعید خان، میجر (ر) اختر نذیر ،خواجہ شاکر سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ریاض احمد نے اجلاس کے شرکاء کو اکتوبر میں لاہور میں منعقدہ کارپٹ کی عالمی نمائش کی تیاریوں ،غیر ملکی مندوبین اور حکومتی اداروں سے رابطوں بارے تفصیلی آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سیکرٹری انعام اللہ خان دریجو ،ڈائریکٹر جنرل لاہور ریاض احمد اور دیگر ذمہ داران کی طرف سے ہمیشہ بھرپور تعاون اور معاونت حاصل رہی ہے جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔

سیکرٹری ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نمائش کیلئے مالی معاونت کی یقین دہانی کر اچکے ہیںتاہم تحریری منظوری نہ ہونے سے تاحال فنڈ ز کا اجراء نہیں ہوسکا ۔ نمائش کے انعقاد میں انتہائی کم وقت رہ گیا ہے اور فنڈز نہ ملنے کے باعث ایسوسی ایشن کو حتمی تیاریوں میں مشکلات درپیش ہیں۔ ہماری درخواست ہے کہ اعلان کردہ فنڈز کے فوری اجراء کیلئے احکامات جاری کئے جائیں تاکہ یکسوئی کے ساتھ نمائش کی تیاریوں پر توجہ مرکوز کی جا سکے ۔

انہوںنے کہا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ حکومت اور اس کے ادارے پاکستان میں منعقدہ کارپٹ کی عالمی نمائش کی کامیابی کیلئے ہمارے شانہ بشانہ ہوں گے جس سے سو فیصد نتائج حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ریاض احمد نے مزید کہا کہ حکومت ایکسپورٹ سے متعلقہ مینو فیکچررز کو درپیش مشکلات کے حل کی طرف توجہ دینے کے ساتھ ایکسپورٹرز کے لئے سہولیات اور خصوصی مراعات کا اعلان کرے تاکہ پاکستانی معیشت کو مزید مضبوط کیا جا سکے

متعلقہ عنوان :