خدا کے انصاف پر پورا یقین رکھتا ہوں‘ سلمان خان

سلمان خان فلم ’’ٹائیگرزندہ ہے‘‘کی شوٹنگ میں مصروف ہیں ‘فلم میں کترینہ مرکزی کردار میں نظرآئیں گی

اتوار 23 جولائی 2017 10:50

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2017ء) بالی ووڈ کے دبنگ اداکارسلمان خان کا کہنا ہے کہ وہ خدا کے انصاف پر پورا یقین رکھتے ہیں اگر آپ کسی کے ساتھ کچھ غلط کرتے ہیں تو آپ کو اس کی سزا ضرور ملتی ہے۔ سلمان خان ان دنوں ہدایت کار علی عباس ظفر کی فلم ’’ٹائیگر زندہ ہے‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں فلم میں ان کے ساتھ کترینہ کیف مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔

بظاہرزندہ دل اور خوش نظر آنے والے بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان اپنے والدین اور فیملی کی بجائے ممبئی میں واقع گیلکسی اپارٹمنٹ میں تنہا رہتے ہیں اور اپنی تنہائی کو دور کرنے کیلئے آئے روزتقاریب کا اہتمام کرتے رہتے ہیں، تاہم ان کی جانب سے دی جانے والی پارٹیوں میں ان کے قریبی دوستوں کے ساتھ وہ افراد بھی شرکت کرتے ہیں جو بظاہر تو خود کو سلمان کا دوست کہتے ہیں لیکن حقیقت میں ان کی دوستی اور نرم دلی کا فائدہ اٹھانے کیلئے ان کے قریب آتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک انٹرویو کے دوران جب سلمان سے پوچھا گیا کہ آپ اپنے گھر میں منعقد کی جانے والی پارٹیوں میں بے تحاشہ پیسہ خرچ کرتے ہیں جبکہ آپ کو بھی یہ بات معلوم ہے کہ آپ کے ارد گرد موجود بہت سے لوگ صرف پیسے کی وجہ سے آپ کے قریب آتے ہیں کیا اس صورت میں یہ ممکن نہیں کہ ان بیکار لوگوں پر پیسہ اڑانے کی بجائے آپ اس پیسے کو فلاحی کاموں میں خرچ کریں اس سوال کے جواب میں سلمان نے کہا کہ میرے نزدیک پیسے کی اہمیت نہیں ہے۔

انہوں نے اپنے قریب موجود ہوشیاراورتیز طرارلوگوں کے بارے میں کہا کہ میں نے اپنی زندگی کے تجربے میں دیکھا ہے کہ کسی کیلئے دل میں بغض رکھنا یا کسی کو بددعا دینا یہ سب بیکار کی باتیں ہیں اگر آپ کسی کے ساتھ کچھ غلط کرتے ہیں تو آپ بھی خوش نہیں رہتے اور آپ کو حساب چکانا پڑتا ہے انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہے میرے ارد گرد منافق لوگوں کی بھرمار ہے لوگ بظاہر میرے ساتھ ہنستے بولتے ہیں اور میری دی گئی پارٹیوں میں شرکت کرتے ہیں لیکن میرے پیٹھ پیچھے برائیاں بھی کرتے ہیں لہٰذا میں ایسی باتوں کی پرواہ نہیں کرتا اور سوچتا ہوں کہ میں نے اس شخص کے ساتھ کچھ ایسا کیا ہوگا جس کی وجہ سے اس نے میرے ساتھ ایسا کیا، لوگوں کے ساتھ ہنسنے بولنے اور بھرپور مذاق کرنے والے سلومیاں کی باتوں سے صاف ظاہر ہے کہ وہ خدا کے انصاف پر پورا یقین رکھتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :