2014ء کے دھرنوں میں ایجنسیاں ملوث تھیں ،ہم اسلئے نوازشریف کیساتھ کھڑے تھے کہ پارلیمنٹ چیلنج نہ ہو،خورشیدشاہ

آج ایجنسیوں کاکردارنہیں حکومت کومدت پوری ہونے کے حق میں ہوں ،اسمبلیاں چلنی چاہئیں تبدیلی کی ضرورت پران ہاؤس تبدیلی ہونی چاہئے عمران اورنوازشریف کاکیس ایک جیسالگتاہے ،عمران کومنی ٹریل ثابت کرناپڑیگا،نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو

ہفتہ 22 جولائی 2017 23:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جولائی2017ء) قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف سیدخورشیدشاہ نے کہاہے کہ 2014ء کے دھرنوں میں ایجنسیاں ملوث تھیں ،ہم اس لئے نوازشریف کے ساتھ کھڑے تھے کہ پارلیمنٹ چیلنج نہ ہو،آج ایجنسیوں کاکردارنہیں حکومت کومدت پوری ہونے کے حق میں ہوں ،اسمبلیاں چلنی چاہئیں تبدیلی کی ضرورت پران ہاؤس تبدیلی ہونی چاہئے ،عمران اورنوازشریف کاکیس ایک جیسالگتاہے ،عمران کومنی ٹریل ثابت کرناپڑیگا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ آصف علی زرداری کے خلاف مقدمات میں نوازشریف نے خودسزائیں دلوائیں ،آصف علی زرداری کی بیرون ملک جائیدادسے متعلق علم نہیں ،نہ کبھی اس بارے ان سے پوچھا۔انہوںنے کہاکہ نوازشریف اثاثے چھپانے پرنااہل ہوسکتے ہیں ،اب وہ جعل سازی میںبھی پھنس گئے ہیں ،نوازشریف اب سزاسے بچ نہیں سکیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ میں نے پہلے دن کہاتھاکہ 62،63پرنوازشریف جاتے ہیں توعمران خان ان کے پیچھے ہے 62،63کااطلاق جس پربھی ہوتاہے ثابت ہوتواسے نااہل ہوناچاہئے ۔انہوںنے کہاکہ ہم خودغلط کام کرتے ہیں پھرایجنسیوں پرالزام لگاتے ہیں قوانین ہم نے بنائے ،آئین ہم نے بنایا،ایجنسیوں کاکرداربھی ہوتاہے ۔میموگیٹ میں ایجنسیوں کاکردارتھا۔2014ء میں بھی ایجنسیوں کاکردارتھااب نہیں ہے ،ہمیں اس وقت یقین تھاکہ دھرنوں کے پیچھے ایجنسیوں کاہاتھ ہے ،ہم نوا زشریف کے ساتھ کھڑے ہوگئے ۔

جمہوریت کامقصدعوامی رائے ہوتاہے ،ہم اس لئے نوازشریف کے ساتھ کھڑے تھے کہ پارلیمنٹ چیلنج نہ ہوتواس وقت تین کروڑافرادکی رائے 30ہزارافرادکنٹینرپرچڑھ کربدلناچاہتے تھے ۔انہوںنے کہاکہ بھٹوکے کیس میں ہم نے دباؤمیں فیصلہ قبول کیا۔ایک سوال پرکہاکہ چوہدری نثاراچھادوست ہے ،موجودہ صورتحال میں چوہدری نثارکامؤقف ٹھیک ہے ،چوہدری نثارعلی خان سیاست چھوڑسکتے ہیں مگرنوازشریف کے خلاف نہیں جاسکتے نہ ہی انہیں نقصان پہنچاسکتے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ آئین کاآرٹیکل62اور63کوآئینی ترمیم کے وقت ختم کرناچاہتے تھے لیکن مسلم لیگ ن اورمولانافضل الرحمن نے مخالفت کی تھی ،ہم سمجھتے ہیں کہ یہ آرٹیکل اسلام کے منافی ہے ۔انہوںنے کہاکہ قومی اسمبلی توڑی گئی توہم سندھ اسمبلی نہیں توڑیں گے ،ہم کہتے ہیں کہ حکومت کی مدت پوری ہونی چاہئے ۔انہوںنے کہاکہ عمران خان کومنی ٹریل ثابت کرناپڑیگا،نوازشریف اورعمران خان کاکیس ایک جیسالگتاہے ،تاہم ابھی عمران خان پرالزامات ثابت نہیں ہیں ،جکبہ نوازشریف پرالزامات ثابت ہوچکے ہیں۔