ضلعی افسران دریائوں کی نگرانی اوردریائوں کی طغیانی پر گہری نظر رکھیں۔ صوبائی وزیر

ہفتہ 22 جولائی 2017 22:51

جھنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2017ء) صوبائی وزیر برائے انسداد دہشتگردی کرنل(ر) ایوب گادھی نے ضلعی انتظامیہ کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ دریائوں علاقوں کی ذاتی طورپر نگرانی اوردریائوں کی طغیانی پر گہری نظر رکھیں اور سیلاب کے خطرہ کی صورت میں متاثرہ علاقوں سے لوگوں کے فوری انخلا کو یقینی بنائیں۔یہ ہدایات انہوںنے ڈپٹی کمشنر آفس میں ممکنہ سیلاب کے چیلنجزسے نمٹنے کیلئے کئے گئے ضلعی انتظامیہ کے انتظامات کااز سر نو جائزہ لینے سے متعلق منعقدہ خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔

اجلا س میںڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہمایوں مسعود سندھو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیوسجاد احمد خان،محکمہ انہار اور دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیرکرنل(ر) ایوب گادھی نے کہا کہ حکومت پنجاب سیلاب کی کسی بھی ہنگامی صورتحال کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے حوالہ سے کوئی کسراٹھانہیں رکھے گی اس سلسلے میں ضلعی سطح پر تمام درکار وسائل فراہم کئے گئے ہیں۔

صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ شدید بارشوں یا سیلاب کے باعث ایمرجنسی کی صورت میں امدادی کارروائیوں کیلئے تمام تر مشینری اور دیگر وسائل کو متحرک اور خطرہ کی قریبی جگہ پر متعین رکھا جائے۔انہوں نے ضلعی کنٹرول روم کو فعال اور متعلقہ سٹاف کی ڈیوٹیز پر حاضری کویقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ریلیف کیمپس میں غذائی اشیاء،مویشیوں کے لئے چارے اور علاج معالجہ کے لئے اودیات کا خاطرخواہ انتظام ہونا چاہیے ۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ حفاظتی بندوں کی صورتحال ہر لحاظ سے تسلی بخش ہے اس ضمن میں دریائوں کے پانی میں متوقع اضافہ کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی بنیادوں پر ٹھوس اقدامات کر رکھے ہیں۔انہوںنے مزید کہا کہ محکمہ انہار اور ریونیو کے ذریعے دریائوں میں پانی کے اتار چڑھائو اور حفاظتی بندوں کی چوبیس گھنٹے کی بنیاد پرمانیٹرنگ کا کام جاری ہے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کی طرف سے دیئے گئے حفاظتی اور ریلیف کے حوالہ سے کئے گئے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ان میں مزید بہتری لانے اور متعلقہ محکموں کے مابین موثر رابطے کومزید فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ڈی پی او ہمایوں مسعود سندھو نے بتایا کہ ممکنہ سیلاب کی ہنگامی صورت حال میں لوگوں کے تحفظ کے لئے ضلعی پولیس اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی ۔اس سلسلے میں جامع سیکورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے ۔انہوں نے سیلابی علاقوں میں پولیس کے گشت سمیت دیگر حفاظتی اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔