پنجاب کے ایس ایم ای سیکٹر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے ماہرین مفت مشاورتی خدمات مہیا کریں گے ۔ اوڈنس وان سمیرن

ہفتہ 22 جولائی 2017 22:50

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2017ء) پنجاب کے ایس ایم ای سیکٹر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے نیدرلینڈ کے ماہرین مفت مشاورتی خدمات مہیا کریں گے ۔ یہ بات ڈچ فائونڈیشن پی یوایم کے مشیر مسٹر اوڈنس وان سمیرن نے آج فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس تقریب میں سمیڈا کے ریجنل بزنس کوآرڈینیٹر بلال افضل کے علاوہ اسسٹنٹ مینجر مسٹر مقصود نواز اور ایکسٹرنل ریلیشن ڈیپارٹمنٹ کے محمدحسنین بھی موجود تھے ۔

مسٹر سمیرن نے کہا کہ پی یو ایم نان پرافٹ آرگنائزیشن ہے جس میں 70 ڈسپلن سے 3 ہزار سنیئر ایکسپرٹ شامل ہیں جو ریٹائرمنٹ کے بعد ترقی پذیر ملکوں کے ایس ایم ای سیکٹر کو ترقی دینے کیلئے مفت سروسز مہیا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پاکستان اس سلسلہ میں 70 واں ٹارگٹ ملک ہے ۔ جس کے ایس ایم ای سیکٹر کو مفت خدمات مہیا کی جارہی ہیں انہوں نے کہا کہ وہ ایس ایم ای سیکٹر کے ایسے مسائل کی نشاندہی کریں گے جن کے ذریعے ان کی سرمایہ کی ضرورت کو پورا کرنے کے علاوہ دیگر مسائل کے حل کیلئے متعلقہ شعبے کے ماہرین مہیا کئے جائیں گے تاکہ ان کی پیداواری لاگت کو کم کیا جا سکے ۔

ایک سوال کے جوا ب میںانہوں نے بتایا کہ پاکستان کے ایس ایم ای سیکٹر کو پی یو ایم کے ماہرین سے بھر پور فائدہ اٹھانا چاہیے تاکہ وہ اپنی مصنوعات کے معیار کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ان کو بین الاقوامی معیار کے مطابق لا سکیں اس طرح ان کی مصنوعات کو ترقی یافتہ ملکوں کی منڈیوں میں بھی فروخت کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پوری صنعت ہی تقریباً ایس ایم ای سیکٹر کے زمرے میں آتی ہے ۔

ان کی خواہش ہے کہ مقامی ایس ایم ای سیکٹر کی مشاورت سے پہلے مرحلہ میں ان کے مسائل کی نشاندہی کی جائے اور ان کے حل کیلئے متعلقہ شعبوں کے ماہرین بھیجے جائیں ۔ انہوں نے بتایا کہ پی یو ایم کا مقصد ایس ایم ای سیکٹر کی مدد کرنا اور ان کے کاروبار کو بڑھا کے روزگار کے نئے مواقعے پیدا کرنا ہے تاکہ غربت کو ختم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں اس سلسلہ میں سرمایے کا حصول ، کم منافع اور پیداواری لاگت جیسے مسائل بڑی رو کاوٹیں ہیں تاہم اس سلسلہ میں مقامی ایس ایم ای سیکٹر کی مشاورت ضروری ہے تاکہ حقیقی معنوں میں اس پروگرام کو قابل عمل اور سود مند بنایا جا سکے ۔

اس سے قبل خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے قائم مقام صدر رانا سکندر اعظم خاں نے کہا کہ فیصل آباد ملک کا تیسرا بڑا اور اہم ترین شہر ہے ۔ ان کی معاشی قوت اس کا ایس ایم ای سیکٹر ہے جس کی بہتری کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے انہوں نے نیدر لینڈ کی طرف سے مہیا کی جانے والی سہولتوں کو سراہا تاہم کہا کہ ٹیکسٹائل ہوزری اور نیٹ وئیر سمیت اس میں ایس ایم ای سیکٹر کے دیگر شعبوں کو بھی شامل کیا جائے ۔ سوال و جواب کی نشست میں حاجی محمد سلیم ، انجینئر عاصم منیر، یعقوب اعوان اور دیگر شرکاء نے بھی حصہ لیا ۔

متعلقہ عنوان :