34 سالہ ٹیکس ریکارڈ عدالت میں جمع کرا دیا ہے جو کہ پہلے ہی 2007ء میں بھی الیکشن کمیشن آف پاکستان میں جمع کرایا جا چکا ہے

وفاقی وزیر خزانہ سنیٹر محمد اسحاق ڈار کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

ہفتہ 22 جولائی 2017 22:35

34 سالہ ٹیکس ریکارڈ عدالت میں جمع کرا دیا ہے جو کہ پہلے ہی 2007ء میں بھی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2017ء) وفاقی وزیر خزانہ سنیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ میں نے اپنا 34 سالہ ٹیکس ریکارڈ عدالت میں جمع کرا دیا ہے جو کہ پہلے ہی 2007ء میں بھی الیکشن کمیشن آف پاکستان میں جمع کرایا جا چکا ہے۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ٹیکس ریکارڈ میں ایک بھی کاغذ نیا شامل نہیں کیا گیا کیونکہ سب ریکارڈ پہلے ہی (ای سی پی) الیکشن کمیشن آف پاکستان، (نیب) قومی احتساب بیورو اور (ایف بی آر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے پاس موجود ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میں نے پہلے ہی الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سامنے اپنے تمام اثاثے ظاہر کیے ہوئے ہیں اور ایک ایماندار شخص کے طور پر ملک و قوم کی خدمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت میں پیش کردہ کاغذات پہلے ہی الیکشن کمیشن آف پاکستان میں موجود ہیں اور ان کے ٹیکس دستاویزات کی تحقیقات پرویز مشرف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے ادوار میں بھی کی جا چکی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں سینیٹر محمد اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ حدیبیہ پیپرز مل کے معاملے کو دوبارہ نہیں کھولا جا سکتا۔