مسلم لیگ (ن) کے زیراہتمام یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے دعائیہ تقریب کا اہتمام

ہفتہ 22 جولائی 2017 22:22

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جولائی2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے زیراہتمام یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے جاری دعائیہ تقریبات کے سلسلے میں چیئرمین یونین کونسل راجہ مشتاق ، وائس چیئرمین مقبول احمدخان اور تحصیل ممبر روبینہ شاہین و کونسلر ثمینہ شعیب نے ہفتہ کی شام دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا جس میں بڑی تعداد میں منتخب عوامی نمائندوں ، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور خواتین کارکنان نے شرکت کی - تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر نجمہ حمید نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمدنوازشریف کے خلاف بے بنیاد افواہیں جلد دم توڑ دیں گی اور مخالفین کی سازشیں ناکام ہوں گی - رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگ زیب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاک کہ قوم کی دعائیں وزیراعظم کے ساتھ ہیں اور جس طرح وہ ماضی میں مخالفین کی سازشوں سے محفوظ رہے ہیں اسی طرح موجودہ پیدا کردہ بحران میں بھی سرخرو ہوں گے - رکن قومی اسمبلی سیما جیلانی ، سابق ایم این اے شکیل اعوان اور اراکین صوبائی اسمبلی زیب النساء اعوان، مسز تحسین فواد اور لبنی ریحان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام سچ اور جھوٹ کی تمیز کرسکتے ہیں اور قومی ترقی کے دشمنوں نے ملی بھگت سے جو جھوٹ کا پلندہ تیار کیا ہے اس سے ہر دلعزیز وزیراعظم پاکستان محمدنوازشریف کا کوئی بال بھی بھیگا نہیں کر سکتا- انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور کارکن ہر سازش کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح متحد ہیں اور ان میں دراڑ ڈالنے کی کوشش کرنے والے بہت جلد خود عوام کی نظروں سے گر جائیں گے - اس موقع پر پاکستان کی ترقی، استحکام اور سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں-

متعلقہ عنوان :