سپریم کورٹ جلد فیصلہ دے گی جس سے ملک میں پائی گئی غیر یقینی دورہوگی، قومی وطن پارٹی اپوزیشن کی تمام مطالبات کی حمایت کرتی ہے، پانامہ پر سپریم کورٹ کا فیصلہ تمام فریقین کو قبول ہونا چاہئے اور اس کو اصل روح کیمطابق نافذ کیا جانا چاہیے

چیئرمین قومی وطن پارٹی آفتاب احمد خان شیرپاؤ کا اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

ہفتہ 22 جولائی 2017 21:22

سپریم کورٹ جلد فیصلہ دے گی جس سے ملک میں پائی گئی غیر یقینی دورہوگی، ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جولائی2017ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤنے امید ظاہر کی کہ پانامہ کے حوالے سپریم کورٹ جلد فیصلہ دے گی جس سے جاری جمود کا خاتمہ ہوگا ،فوری فیصلہ ملک میں پائی گئی غیر یقینی دور کرے گا۔وہ بروز ہفتہ وطن کور پشاور میں پارٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ آفتاب شیرپائو نے کہا کہ پانامہ کیس کا فوری فیصلہ ملک میں پائی گئی غیر یقینی دور کرے گا، قومی وطن پارٹی اپوزیشن کا حصہ ہے اور وہ اپوزیشن کی تمام مطالبات کی حمایت کرتی ہے، پانامہ پر سپریم کورٹ کا فیصلہ تمام فریقین کو قبول ہونا چاہیے اور اس کو اصل روح کے مطابق نافذ کرنا چاہیے ۔

انھوں نے خبردار کیا کہ پانامہ فیصلہ پر کوئی بھی سیاسی محاذ آرائی سے گریز کیا جا ئے کیونکہ اس سے ملک میں سیاسی بے چینی اور منفی اثرات مرتب ہوں گے، پانامہ کیس میں انصاف ملنی چاہیے اور جس نے بھی اختیارات کا غلط استعمال کیا ہے اس کو قانون کے کٹہرے میں لانا چاہیے، قومی وطن پارٹی جمہوریت کے استحکام اور پارلیمنٹ کا معیا د پورا کرنے کا حامی ہے کیونکہ جمہوری اداروں کی مضبوطی سے سیاسی استحکام اور معاشی خوشحالی ممکن ہے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پختونوں کے مسائل کو پس پشت ڈال دیا گیا جس سے ان کے احساس محرومی میں اضافہ ہوا۔ انھوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ ،فاٹا اور پختونخواہ انضمام اور سی پیک جیسے مسائل کو نظرانداز کیاگیا ہے جس سے پختونوں کی حالت ابتر ہو چکی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ جس نے پشاور اور کوئٹہ کو متاثر کیا ہے انتہائی افسوس ناک ہے اور حکومت کو اس سلسلے میں بروقت اور ٹھوس اقدامات اٹھانے چایئے۔

انھوں نے کہا کہ پختونوں نے ملک کی خاطر بڑی قربانیاں دی ہے لیکن ان کو اس تناسب سے ریلیف نہیں دیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے پختونوں کے مسائل کو نظرانداز کیا جو کہ وفاق کے لیے نیک شگون نہیں ہے ۔ انھوں نے پارٹی رہنماوں اور کارکنوں سے کہا کہ وہ عوام کے ساتھ روابط بڑھائے اور اپنی سرگرمیوں کو تیز کرتے ہوئے پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچائے۔

اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال اورتنظیمی امور پربھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔اجلاس میں آفتاب احمد خان شیرپائو اور سکندر حیات خان شیرپائو کی قیادت پر اعتماد کا اظہا ر کیا گیا۔اجلاس میں آفتاب احمد خان شیرپائو کی پالیسیوں کی توثیق کی اور پارٹی اور پختونوں کے لیے ان کے کردار کو سراہا۔اجلاس میں الیکشن منشور کمیٹی تشکیل دے دی گئی جو تمام اضلاع سے تجاویز لے کر ایک مہینے کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گا۔