قوم روایتی سیاستدانوں سے اکتاگئی ہے،جماعت اسلامی اس بار سیاسی روایات تبدیل کرئیگی ، اب تقریروں اور نعروں سے نہیں ،کچھ کرکے دکھانے سے ہی کام چلے گا

امیر جماعت اسلامی پشاور صابرحسین اعوان کا سردار گڑھی میں شمولیتی اجتماع سے خطا ب

ہفتہ 22 جولائی 2017 21:22

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جولائی2017ء) امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور و سابق ممبر قومی اسمبلی صابرحسین اعوان نے کہا ہے کہ قوم روایتی سیاستدانوں اور حکمرانوں سے اکتاگئی ہے۔ جماعت اسلامی اس بار سیاسی روایات تبدیل کرے گی اور قوم ایک واضح تبدیلی محسوس کرے گی۔ قوم کو جن مسائل کا سامنا ہے وہ حقیقی معنوں میں ان مسائل سے نکلنا چاہتی ہے جماعت اسلامی ان کو بحرانوں سے نکلنے کا راستہ دکھائے گی۔

اب تقریروں اور نعروں سے نہیں کچھ کرکے دکھانے سے ہی کام چلے گا۔وہ بروز ہفتہ حجرہ سید باچا سردار گڑھی پی کے نو میں شمولیتی اجتماع سے خطا ب کر رہے تھے ، اجتماع سے امیر جماعت اسلامی پی کے نو سید عابد علی شاہ نے بھی خطا ب کیا ۔اس موقع پر سید باچا نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

صابرحسین اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکنوں میں نیا جوش اور جذبہ ہے۔

اگلے الیکشن میں قوم کو ایسا قابل عمل منشور دیں گے کہ ان کی زندگیاں بدل جائیں گی۔انہوںنے کہاکہ جب تک ملک پر مٹھی بھر مراعات یافتہ طبقہ اور وڈیرے اور جاگیر دار قابض ہیں عوام مسائل کی دلدل سے نہیں نکل سکتے ،عوام کو ان کی گردنوں پر مسلط استعماری قوتو ں کے آلہ کاروں سے نجات دلاناجماعت اسلامی کا اصل ہدف ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان اپنے قیام سے اب تک ان مفاد پرست سیاستدانوں کے ہاتھو ں یرغمال بنا ہوا ہے جن کی سیاست کامحور قومی وسائل کی لوٹ مار اور کرپشن ہے ،قومی خزانے کو جونکوں کی طرح چوسا جارہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر سب کا احتساب کرے گی ۔

متعلقہ عنوان :