سرکاری تعلیمی اداروں میں جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں

ایڈیشنل سیکرٹری سکینڈری ایجوکیشن محمد فاروق کاکڑ کا تقریب سے خطاب

ہفتہ 22 جولائی 2017 21:12

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جولائی2017ء) ایڈیشنل سیکرٹری سکینڈری ایجوکیشن محمد فاروق کاکڑ نے کہاہے کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں صوبے تعلیمی شرح میں اضافے اور پڑھے لکھے بلوچستان کے خواب کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے نجی تعلیمی ادارے ، والدین ، میڈیا اور سول سوسائٹی کے لوگ حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ جہالت کی تاریکی کو تعلیم کی روشنی سے دور کیا جاسکیں ان خیالات کااظہار انہوں نے ہفتے کو جامعہ لورالائی کے شعبہ تعلیم کے زیر اہتمام ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ریسرچ پروجیکٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب میں جامعہ لورالائی کے شعبہ تعلیم کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر معروف بن رئوف آئی ٹی انسٹیٹیوٹ لورالائی کے ریکٹر انجینئر اورنگزیب ، معروف ماہر تعلیم نثار موسیٰ ‘میر نصرت عنقا‘کوئٹہ کے اٹھارہ سرکاری تعلیمی اداروں کے 450 طلباء و طالبات اور اساتزہ نے شرکت کی ایڈیشنل سیکرٹری سکینڈری ایجوکیشن محمد فاروق کاکڑ نے کہا کہ کوئٹہ کے تعلیمی اداروں کے سراہان جامعہ لورالائی کے اساتذہ کی تخلیقی کاوشوں سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے اس تحقیق کے نتائج پر عمل درآمد کروائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سکولوں میں انتظامی اصلاحات کا نفاذ کرکے اضلاع کی سطح پر اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنانے کیلئے بائیو میٹرک سسٹم کے تحت مانیٹرنگ کے نظام کو موثر بنایاجارہا ہے اس ضمن میں معاشرے کے تمام طبقات کے لوگوں کا فرض بنتا ہے کہ وہ صوبے میں تعلیم کے فروغ کے لئے محکمہ تعلیم کے حکام کے ساتھ تعاون ک-ریں تاکہ پڑھے لکھے بلوچستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے ۔

پروگرام میں مختلف سکولز کے پرنسپلز طلباء و طالبات سیکرٹریز نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ لورالائی کے شعبہ تعلیم کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر معروف بن رئوف نے کہا ہے کہ HECکے اس ریسرچ پراجیکٹ میں سکینڈری سطح پر طلباء و طالبات کیلئے اس بات کی راہ ہموار کی ہے کہ سکولوں میں نصاب اور ٹائم ٹیبل میں کسی بڑی تبدیلی کے بغیر طالب علموں کی شخصیت کو بہتر بنایا جاسکتا ہے محکمہ تعلیم کے تعاون سے اس پراجیکٹ کو پورے بلوچستان تک پھیلائینگے ۔ تقریب کے خطاب پر طلباء وطالبات میں تعریفی اسناد تقسیم کیے گئے ۔

متعلقہ عنوان :