Live Updates

عمران خان نے 21سال پہلے جو کرپشن کے خلاف تحریک شروع کی تھی اس کا آغاز شریف خاندان سے ہوچکا ہے،ڈاکٹر عارف علوی

اعلیٰ عدلیہ نے شریف خاندان کو صفائی پیش کرنے کے کئی موقع فراہم کئے لیکن شریف خاندان منی ٹریل پیش نہیں کر سکے، صدر پی ٹی آئی سندھ

ہفتہ 22 جولائی 2017 22:17

عمران خان نے 21سال پہلے جو کرپشن کے خلاف تحریک شروع کی تھی اس کا آغاز ..
سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2017ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ چیئرمین عمران خان نے 21سال پہلے جو کرپشن کے خلاف تحریک شروع کی تھی اس کا آغاز شریف خاندان سے ہوچکا ہے۔ پاناما لیکس کے کیس میں اعلیٰ عدلیہ نے شریف خاندان کو صفائی پیش کرنے کے کئی موقع فراہم کئے لیکن شریف خاندان منی ٹریل پیش نہیں کر سکے۔

اس پورے کرپشن کے کیس میں شریف خاندان نے صرف قطری خط کا سہارا لیا تھا لیکن جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد قطری خط کا بھی لبادہ اتر گیا ہے۔ شریف خاندان نے خود عدالت اور جے آئی ٹی کے سامنے الٹے سیدھے بیانات دے کر اپنے پورے خاندان کو گھسیٹا۔ تحریک انصاف جے آئی ٹی ارکان کی انتہائی مشکور ہے کہ جن مشکل حالات میں انہوں نے ایمانداری اور دیانت داری کے ساتھ رپورٹ مرتب کی ۔

(جاری ہے)

ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ آج بھی پاکستان میں ایماندار اور دیانت دار لوگ موجود ہیں ۔یہ باتیں انہوں دو روزہ دورے پر سکھر ایئرپورٹ پہنچنے کے بعد دلدار جتوئی کی رہائش گاہ جتوئی ہائوس میں ایک پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔ اس موقع پر مبین خان جتوئی ، پپو خان چاچڑ،عبد المجید پٹھان، نیاز حسین کھوسو، جاوید میمن، آغا ارسلان ،صفیہ بلوچ، الیاس شیخ ،دوا خان صابر اور دیگر رہنما بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ مجھے سو فیصد یقین ہے کہ نواز شریف کا بچنا مشکل ہے اور نواز شریف ضرور نااہل ہوں گے۔ اس پاناما کیس میں جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد بہت کچھ سامنے آگیا ہے جس میں ان پر جعلسازی اور کرمنل مقدمہ بھی چلے گا۔ شریف خاندان نے ہمیشہ تمام اداروں کو اپنی ذات کے لئے استعمال کیا ہے۔ شریف خاندان نے رائے ونڈ کی زمین بھی زبر دستی خریدی ہے اور ان شریف خاندان پر کرپشن کے 32 پرانے مقدمے ہیں لیکن انہوں نے ہمیشہ کٹھ جوڑ کر کے اپنی جان بچانے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں بھی کرپشن عروج پر ہے ۔ سڑکیں تباہ ، تعلیم اور صحت کا نام و نشان نہیں ہے ۔ بیروزگاری کا سمندر بڑھ رہا ہے لیکن سندھ کی حکمران جماعت صرف لوٹ مار میں مصروف ہے۔ انہیں غریب سندھی اور ہاری کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ۔پاناما کیس سے شروع ہونے والے احتساب کے شکنجے میں سندھ کے بھی بڑے بڑے مگر مچھ آئیں گے۔ ڈاکٹر عارف علو ی نے مزید کہا کہ اس وقت ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے کئی ایم این ایز اور ایم پی ایز ہمارے رابطے میں ہیں اور بہت جلد تحریک انصاف میں شامل ہوں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان اور نواز شریف کے کیس میں زمین آسمان کا فرق ہے ۔نواز شریف کے اوپر کرپشن اور لوٹ مار کا مقدرمہ ہے اور عمران خان نے نہ تو کبھی سرکاری عہدہ لیا ہے اور نہ کوئی کرپشن کی ہے ۔ بلکہ عمران خان نے اپنی کمائی ہوئی رقم سے اپنے اثاثے بنائے جو کہ انہوں نے سب کے سامنے رکھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات