صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر کا سنیٹرسراج الحق سے ٹیلیفونک رابطہ ، ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیالا ت کیا

ممتاز حسین قادری کو پھانسی دینے کے بعد سے وزیراعظم نوازشریف کا زوال شروع ہو گیا تھا، اسی وجہ سے انہیں موجودہ حالات کا سامنا کرنا پڑ رہا ، سراج الحق

ہفتہ 22 جولائی 2017 22:17

صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر کا سنیٹرسراج الحق سے ٹیلیفونک رابطہ ، ..
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2017ء) جمعیت علماء پاکستان کے صدرملی یکجہتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر کی امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے فون پر گفتگو، دونوں رہنماؤں نے ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیالا ت کیا،سراج الحق نے کہا کہ ممتاز حسین قادری کو پھانسی دینے کے بعد سے وزیراعظم نوازشریف کا زوال شروع ہو گیا ہے اسی وجہ سے انہیں موجودہ حالات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، صاحبزادہ ابوالخیر محمدزبیر نے کہا کہ انہوں نے بھی ممتاز حسین قادری کے جنازہ میں اپنی تقریر میں کہا تھاکہ نواز شریف نے ممتاز حسین قادری کو پھانسی دیکر اللہ کے غضب کودعوت دے دی ہے اس نے اپنے پیروں پر خود کلہاڑی ماری ہے اب وہ خدا کے قہر سے بچ نہیں سکے گا، سراج الحق نے متحدہ مجلس عمل کے حوالے سے کہا کہ مذہبی جماعتوں کا ملک میں اسلامی نظام کے قیام کے لئے متحد ہو کر جدوجہد کرنا مقصد اورہدف ہے اس سلسلے میں متحدہ مجلس عمل کی بحالی ایم ایم اے میں شریک تمام جماعتوں کے مشورہ سے ہوگی، انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں جمعیت علمائے اسلام کا ایک وفد آج منصورہ آرہا ہے ان سے بھی اس موضوع پر تبادلہ خیالات کیا جائیگا،صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا کہ مولانا عبدالغفور حیدری نے بھی مجھ سے کہا تھا کہ ہماری جماعت نے سیاسی اور مذہبی جماعتوں سے رابطہ کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے اس کمیٹی کا سربراہ مجھے بنایا گیا ہے عنقریب آپ سے ملاقات کرونگااور ملکر سیاسی طور پر لائحہ عمل طے کریں گے۔