Live Updates

وزیراعظم محمد نواز شریف نے اپنی تین نسلوں کا حساب پیش کیا‘ عمران خان اپنی 20سال کی جائیداد اور اثاثوں کا حساب نہیں دے سکے، ہماری قیادت خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، ہمک ماڈل ٹائون، نیازیاں کے سی ڈی اے سے متعلق مسائل کو حل کرائیں گے

وزیر مملکت کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا ہمک ماڈل ٹائون میں عوامی اجتماع سے خطاب

ہفتہ 22 جولائی 2017 20:55

وزیراعظم محمد نواز شریف نے اپنی تین نسلوں کا حساب پیش کیا‘ عمران خان ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2017ء) وزیر مملکت کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے اپنی تین نسلوں کا حساب پیش کیا‘ عمران خان اپنی 20سال کی جائیداد اور اثاثوں کا حساب نہیں دے سکے، ہماری قیادت خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، ہمک ماڈل ٹائون، نیازیاں کے سی ڈی اے سے متعلق مسائل کو حل کرائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں ہمک ماڈل ٹائون میں عوامی اجتماع اور گیس کی فراہمی کے منصوبے کے افتتاح کے موقع پر اپنے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن غیر ملکی قوتیں اور سازشی عناصر ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان سے پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی لیکن پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اس کی قیادت اس امتحان میں بھی سرخرو ہو کرنکلے گی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف پرکسی بھی کرپشن کا کوئی الزام نہیں ہے اور انہوں نے اپنے زمانہ طالب علمی کا بھی حساب دیا اور 3نسلوں کا حساب پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ احتساب کے نام پر پورے ملک بلکہ پوری دنیا کو سر پر اٹھانے والے عمران خان نے آج سپریم کورٹ میں خود اعتراف کیا ہے کہ اس کے پاس اپنے 20سال کے اثاثوں کا کوئی حساب نہیں ہے۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پاکستان اسلامی دنیا کی واحد ایٹمی قوت ہے جس پر پوری اسلامی دنیا فخر کرتی ہے لیکن اسلام دشمن، پاکستان دشمن غیر ملکی قوتوں کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہوتی، یہ ملک لاکھوں قربانیوں اور آگے بڑھنے کے لئے بنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں 2017ء کا پاکستان 2013ء کے پاکستان کے مقابلہ میں بہت بہتر ہے خواہ وہ امن و امان کے لحاظ سے ہو یا معاشی اور سماجی ترقی کے لحاظ سے۔ سی پیک کے ذریعے پاکستان کی تقدیر بدلنے جا رہی ہے اور انشاء اللہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ترقی کے اس سفر کو جاری رکھیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات