ڈی پی او شہزاد ندیم بخاری کی تعیناتی سے ضلع میں جرائم کی شر ح میں کمی آئی ہے، عوامی حلقے

ہفتہ 22 جولائی 2017 20:55

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2017ء) ڈی پی او شہزاد ندیم بخاری کی تعیناتی سے ضلع میں جرائم کی شر ح میں خاصی حد تک کمی آئی ہے، ضلع کی تاریخ میں پہلی دفعہ منشیات فروشوں کے خلا ف عملی و حقیقی کارروائی کا کریڈٹ ڈی پی او شہزاد ندیم بخاری کے سر جاتا ہے جنہوں نے ضلع بھر کے نامی گرامی منشیا ت فروشوں کو جیل کی ہوا کھلائی اور جو گرفتار نہ ہو سکے اور انہیں ضلع سے بھاگنے پر مجبور کیا۔

نوجوان صحافی بخشیش الہیٰ کے اندھے قتل کیس کو ٹریس کرنا بھی موجودہ ڈی پی او کا قابل تحسین کار نامہ ہے، اگر ضلع بھر کے پولیس اہلکار اسی طرح اپنے ڈی پی او کی طرح اپنے فرائض دیانتداری و امانتداری سے سرانجام دیں تو کوئی وجہ نہیں کہ ہری پور کرائم فری سٹی نہ بنے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار ہری پور کے عوامی و سماجی حلقوں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ ڈی پی او ہری پورکی تعیناتی سے قبل ہری پور میں جرائم کی شرح میں خاصی حد تک اضافہ ہو چکا تھا بالخصوص گلی گلی منشیات فروش اپنا دھندہ جاری رکھے ہوئے تھے جس سے نوجوان نسل تباہ ہو رہی تھی تاہم ڈی پی او شہزاد ندیم بخاری نے تاریخ میں پہلی دفعہ منشیات فروشوں کے خلا ف حقیقی کارروائی کا آغاز کیا اور ضلع بھر میں اس دھندے میں ملوث سماج دشمن عناصر کے خلاف آپریشن کلین اپ کا آغاز کیا اور نامی گر امی ڈیلروں اور ان کے کارندوں کو قانون کے شکنجے میں لایا جس سے ضلع میں منشیات فروشی کا تقریباً قلع قمع ہو چکا ہے، اس سے نہ صرف نوجوان نسل کی زندگیاں تباہ ہو نے سے بچ رہی ہیں جس پر والدین ڈی پی او ہری پور کیلئے دعا گو ہیں جبکہ اس کے ساتھ ڈی پی او ہری پور شہزاد ندیم بخاری نے اشتہاری ملزمان، ناجائز اسلحہ رکھنے والے، جواریوں، کار لفٹر و دیگر سماج دشمن عناصر کیخلا ف بھی جس جراتمندی و دلیری سے کاروائیاں کیں وہ اپنی مثال آپ ہیں، یہی وجہ ہے کہ اب ان جرائم کی شر ح میں کافی حد تک کمی آئی ہے جبکہ رمضان المبارک میں قتل ہونے والے نوجوان صحافی بخشیش الہیٰ کے اندھے قتل کیس کا سراغ لگا کر حقیقی ملزمان کی گرفتاری سے پور ے ضلع کے عوام بالخصوص صحافتی برادری میں پھیلی بے چینی و عدم تحفظ کے احساس کو ختم کیا گیا ہے جس پر ضلع بھر کے عوامی، سماجی، مذہبی، صحافتی حلقے ڈی پی او ہری پور کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور امید کر تے ہیں کہ اس کیس کی تفتیش کو جلد از جلد مکمل کرتے ہوئے ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائیں گے۔