کوہاٹ‘ خیر ماتو میں دکانوں کو لوٹنے والا نو عمرلڑکوں پر مشتمل چار رکنی گروہ مال مسروقہ سمیت گرفتار

ہفتہ 22 جولائی 2017 20:54

کوہاٹ‘ خیر ماتو میں دکانوں کو لوٹنے والا نو عمرلڑکوں پر مشتمل چار رکنی ..
کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2017ء)کوہاٹ خیر ماتو میں دکانوں کو لوٹنے والے نو عمرلڑکوں پر مشتمل چار رکنی چور گروہ کو مال مسروقہ سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے۔ملزمان رات کی تاریکی میں بند دکانوں میں نقب لگا کرواردات برپا کرنے کے بعد روپوش ہوجاتے ۔پولیس نے زیر حراست ملزمان کے قبضے سے لوٹا ہوا مال برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔

پولیس کے مطابق عوامی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ بلی ٹنگ طاہر نواز نے نواحی علاقہ خیر ماتو میں دکانوں کو لوٹنے کی وارداتوں میں ملوث چور گروہ کا کھوج لگاتے ہوئے پولیس نفری کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے اچانک چھاپوں کے دوران نو عمر چور جبران اور اسکے تین ساتھیوں عثمان ،حضرت اور عاشر ساکنان خیرماتو کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے مجموعی طور پر 43ہزار روپے کی نقدی ،موبائل کارڈز،فونز اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔

(جاری ہے)

زیر حراست ملزمان کے خلاف تھانہ بلی ٹنگ میں مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔پولیس کے مطابق کم عمر لڑکوں پر مشتمل چار رکنی چور گروہ رات کے وقت بند دکانوں میں نقب لگا کر یا تالے توڑ کر اندر داخل ہوتے اور چوری کی واردات کے دوران نقدی اور دیگر قیمتی سامان چوری کرکے فرار ہوجاتے تاہم ملزمان کی گرفتاری کیلئے کوششیں بالآخر کامیاب ہوئیں اور پے درپے چھاپہ مار کارروائیوں میں تمام ملزمان کو ایک ایک کرکے حراست میں لیا گیا اور انکی نشاندہی پرلوٹا ہوا مال بھی برآمد کرکے قبضے میں لیا گیا۔زیر حراست ملزمان نے ابتدائی پوچھ گچھ میں چوری کی متعدد وارداتوں کا اعتراف جرم کرلیا ہے جن سے مزید اہم انکشافات کی بھی توقع کی جارہی ہے۔