نواز شریف کو پونے دو کروڑ لوگوں نے وزیراعظم منتخب کیا ، ان کے خلاف کرپشن کے کوئی ثبوت نہیں، وہ کس لئے استعفیٰ دیں ، مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اس ملک کا قرض چکایا اور بھارت کے مقابلے میں چھ ایٹمی دھماکے کرکے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا

چیئرمین میٹروبس و سٹیئرنگ کمیٹی پنجاب سپورٹس بورڈ محمدحنیف عباسی کا ڈھوک کھبہ میں دو ٹیوب ویلوں کے افتتاح اور عیدملن پارٹی سے خطاب

ہفتہ 22 جولائی 2017 20:39

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جولائی2017ء) چیئرمین میٹروبس و سٹیئرنگ کمیٹی پنجاب سپورٹس بورڈ محمدحنیف عباسی نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف کو پاکستان کی پونے دو کروڑ عوام نے وزیراعظم منتخب کیا ، ان کے خلاف نہ کوئی کرپشن ہے اور نہ ہی کوئی ثبوت تو یہ کس لئے استعفی دیں ، مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اس ملک کا قرض چکایا اور بھارت کے مقابلے میں چھ ایٹمی دھماکے کرکے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنا یا، مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوام کو پختہ گلیاں، نالیاں ، سڑکیں ، سکول و کالج ، ٹرانسپورٹ اور کھیلوں کے میدان مہیا کئے اور حال ہی میں چار ہزار میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کی اور نومبر تک تین ہزار میگا واٹ مزید شامل کریں گے ۔

وہ ہفتہ کو ڈھوک کھبہ میں دو ٹیوب ویلوں کے افتتاح اور عیدملن پارٹی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میئر راولپنڈی سردار محمدنسیم خان ، ایم این اے طاہرہ اورنگزیب ، ایم پی اے راجہ محمدحنیف ایڈووکیٹ ، زیب النساء اعوان ، لبنی ریحان ، چیئرمین واسا ضیاء اللہ شاہ ، مسلم لیگی رہنما پیرزادہ راحت قدوسی ، چیئرمین یوسی 43 ملک صابر حسین کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں ، کارکنوں اور عوام کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی -محمد حنیف عباسی نے کہا کہ دوتہائی اکثریت سے جیتنے والے نامزد وزیراعظم کو عہدے سے ہٹانے کا مقصد ملک میں لیبیا، عراق اور شام جیسے حالات پیدا کرنا ہے - انہوں نے کہا کہ یہ یہودی لابی اور ملک دشمن عناصر کی گہری سازش ہے - انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کا ٹھگ جو نوازشریف سے وزارت کی بھیک مانگتا تھا آج انہیں چیلنج کرتا ہے اور دوسرا کپتان جوکہ غیرملکی ایجنٹ ہے جسے ہم نے راولپنڈی سے نکال کر بنی گالہ تک محدود کر دیا اس کی ایکسپریس وے پر ساڑھے پانچ ہزار کنال اراضی اور احاطوں میں کروڑوں روپے کی گھڑیاں پہننے کا بھی حساب دے - انہوں نے کہا کہ شیخ رشید نے آزاد عدلیہ کے لئے جیل نہیں کاٹی بلکہ عدالتوں کو تالے لگانے والوں کا ساتھی تھا - آزاد عدلیہ کے لئے تو مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے جیلیں کاٹیں اور قربانیاں دیں- انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ملک کی تعمیر و ترقی میں ہمیشہ شامل رہے گی اور 2018ء کا الیکشن نوازشریف ہی بھاری اکثریت سے جیتیں گے - رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگ زیب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف اور شہبازشریف مسلم لیگ کی مضبوطی ہیں اور مسلم لیگ کی مضبوطی پاکستان کی مضبوطی ہے - میئر راولپنڈی سردار محمدنسیم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2018ء کا الیکشن راولپنڈی کے لوٹوں اور لٹیروں کا قبرستان ثابت ہوگا اور عوام کے ووٹوں کی طاقت سے ان کی ضمانتیں ضبط کرائیں گے - راجہ حنیف ایڈووکیٹ ایم پی اے ، ضیاء اللہ شاہ ، راحت قدوسی اور دیگر مقررین نے اس موقع خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ پاکستان کا امن خراب کرکے ملک کو اندھیروں میں ڈبونا چاہتے ہیں انہیں مایوسی کا سامنا ہوگا کیونکہ مسلم لیگ (ن) راولپنڈی میں ترقی کا نشان ہے اور راولپنڈی شہر مسلم لیگ کا کل بھی قلعہ تھا ، آج بھی ہے اور آئندہ بھی رہے گا- انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مضبوطی ، ترقی اور سبز ہلالی پرچم کی بلندی مسلم لیگ (ن) اور اس کے قائدین کا پختہ عزم ہے - تقریب کے اختتام پر محمدحنیف عباسی نے یوسی 43 میں دو ٹیوب ویلوں کا افتتاح کیا۔