ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کو 75لاکھ روپے کی فراہمی

ہفتہ 22 جولائی 2017 20:16

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2017ء)ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے صدر سجاد اکبر عباسی نے ممبر پنجاب اسمبلی راجہ حنیف ایڈووکیٹ کی جانب سے ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کو 75لاکھ روپے دینے پر اظہار تشکر کیا ہے ۔ سجاد اکبر عباسی نے کہاکہ راجہ حنیف نے پہلے بھی ڈسٹرکٹ بار کو 25لاکھ روپے کی رقم ادا کی تھی جس سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نے قائداعظم ہال، علامہ اقبال ہال، لائبریری سمیت ایگزیکٹو رومز کی تزئین وآرائش کا کام مکمل کر کے ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کو خوبصورت بنایا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ڈسٹرکٹ بار کو دی گئی رقم کو بار اور وکلاء کی فلاح و بہبود کیلئے استعمال کیا جائیگا ۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کا شمار پاکستان کی دوسری بڑی بار میں ہوتا ہے جہاں پر وکلاء کثیر تعداد میں اپنی پیشہ وارانہ خدمات سرانجام دے رہے ہیں ۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی موجودہ باڈی بار کی فلاح و بہبود کیلئے دن رات محنت کررہی ہے تاکہ بار کو مزید خوبصورت بنایا جاسکے ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے اعلیٰ عہدیداروں سمیت وکلاء کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ وکلاء سے گفتگو کرتے ہوئے ممبر پنجاب اسمبلی راجہ حنیف ایڈووکیٹ نے کہاکہ بار اور وکلاء کی فلاح و بہبود کیلئے کردار ادا کرتا رہوں گا ۔